بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی رجسٹریشن کے حوالے سے ماہانہ پلان شیئر کیا جائے،ذیشان لاشاری

کوئٹہ (خ ن)کمشنر کوئٹہ ڈویڑن ذیشان لاشاری کی زیرِ صدارت کوئٹہ ڈویڑن میں بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام (BISP) کے تحت جاری مختلف اقدامات اور پروگرام کی مجموعی کارکردگی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ کا انعقاد کیا گیا۔اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام ڈاکٹر جلال فیض نے کمشنر کوئٹہ ڈویڑن کو مستحق خاندانوں کو فراہم کی جانے والی مالی معاونت، مستحقین کی رجسٹریشن و سروے، ادائیگیوں کے طریقہ کار اور پروگرام میں شفافیت کو یقینی بنانے سے متعلق امور پر تفصیلی بریفنگ دی۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر کوئٹہ مہر اللہ بادینی،ڈپٹی کمشنر کوئٹہ ویسٹ منیر احمد درانی،اسسٹنٹ کمشنر پولیٹیکل کوئٹہ ڈویڑن سید کلیم اللہ سمیت دیگر افسران موجود تھے۔ڈائریکٹر جنرل نے بتایا کہ کوئٹہ ڈویڑن میں بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت کفالت پروگرام، وسیلہ تعلیم اور نشوونما پروگرام سمیت مختلف منصوبوں پر عملدرآمد جاری ہے۔ کوئٹہ میں دو ڈائنامک رجسٹری سینٹرز (DRCs) جبکہ رجسٹریشن کے لیے ایک موبائل وہیکل بھی کام کر رہی ہے۔انہوں نے بتایا کہ کوئٹہ میں تقریباً دو لاکھ بچوں اور دو لاکھ سے زائد خواتین کو بے نظیر نشوونما پروگرام میں شامل کیا گیا ہے۔ خواتین کے لیے ڈیجیٹل والٹس بھی بنائے گئے ہیں جبکہ انہیں سمز بھی فراہم کی جا چکی ہیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ نئے مستحقین اور خواتین کی رجسٹریشن کا عمل کل سے شروع کیا جائے گا، جس کے تحت ڈائنامک رجسٹری سینٹرز اور موبائل وہیکل کے ذریعے رجسٹریشن کی جائے گی۔ اس عمل کے دوران ان خواتین کو بھی پروگرام میں شامل کیا جائے گا جن کی تاحال رجسٹریشن نہیں ہو سکی۔اس موقع پر کمشنر کوئٹہ ڈویڑن ذیشان لاشاری نے ہدایت کی کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی رجسٹریشن کے حوالے سے ماہانہ پلان شیئر کیا جائے تاکہ ڈپٹی کمشنرز اور اسسٹنٹ کمشنرز کی سطح پر رجسٹریشن کے عمل کی مو¿ثر نگرانی یقینی بنائی جا سکے۔انہوں نے کہا کہ کوئٹہ میں رجسٹریشن کے لیے ڈائنامک رجسٹری سینٹرز اور موبائل رجسٹریشن کے ذریعے عوام کو سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ کوئٹہ کے ہسپتالوں میں نشوونما پروگرام کے تحت خواتین اور بچوں کے علاج، غذائی ضروریات اور فوڈ سپلیمنٹ سے متعلق اقدامات بھی کیے جا رہے ہیں۔کمشنر کوئٹہ ڈویڑن ذیشان لاشاری نے کہا کہ کم آمدن اور مستحق خاندانوں کو مالی معاونت کی فراہمی ایک اہم سماجی ذمہ داری ہے۔ متعلقہ اداروں کے درمیان مو¿ثر رابطہ، باہمی تعاون اور نگرانی کے ذریعے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ثمرات مزید بہتر انداز میں مستحق افراد تک پہنچائے جا سکتے ہیں۔اس دوران بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کو درپیش مسائل، ان کے حل، رجسٹریشن کے عمل کو مزید مو¿ثر بنانے اور مستحقین کو سہولیات کی فراہمی سمیت باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر بھی تفصیلی غور و خوض ہوا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں