تربت(خ ن) ڈپٹی کمشنر کیچ یاسر اقبال دشتی کی خصوصی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر بلیدہ ابوبکر میروانی کی زیرِ صدارت پرائس کنٹرول کمیٹی تربت کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں عوام کو ریلیف کی فراہمی، اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں کمی، سرکاری نرخنامے پر عملدرآمد اور شہر میں صفائی ستھرائی کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں پولٹری ایسوسی ایشن کے صدر حاجی کریم، حافظ ولی، سبزی و پھل فروشوں کے نمائندے فضل، الداو¿د ہوٹل کے نمائندے، پرائس کنٹرول کمیٹی کے نمائندے نیاز احمد سمیت دیگر متعلقہ نمائندگان نے شرکت کی۔ شرکاءنے اشیائے ضروریہ کی قیمتوں اور شہریوں کو درپیش مسائل سے متعلق مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔اجلاس میں عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے مرغی کے گوشت کی قیمت 700 روپے سے کم کرکے 650 روپے فی کلو مقرر کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اس فیصلے کا مقصد شہریوں کو اشیائے ضروریہ مناسب نرخوں پر فراہم کرنا اور مہنگائی کے اثرات کو کم کرنا ہے۔اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر بلیدہ ابوبکر میروانی نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر کیچ یاسر اقبال دشتی کی ہدایات کی روشنی میں شہریوں کو ہر ممکن ریلیف فراہم کرنا ضلعی انتظامیہ کی ترجیح ہے۔ انہوں نے متعلقہ نمائندگان کو ہدایت کی کہ دکانوں اور ہوٹلوں میں صفائی ستھرائی کے مو¿ثر انتظامات یقینی بنائے جائیں، سرکاری نرخنامہ نمایاں مقامات پر آویزاں کیا جائے اور اشیائے خوردونوش کی خرید و فروخت مقررہ سرکاری نرخوں کے مطابق کی جائے۔اسسٹنٹ کمشنر نے واضح کیا کہ سرکاری نرخنامے کی خلاف ورزی، گران فروشی اور صفائی کے ناقص انتظامات کو برداشت نہیں کیا جائے گا اور خلاف ورزی کی صورت میں قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ تربت شہر میں قیمتوں اور صفائی ستھرائی کی صورتحال کی نگرانی کے لیے باقاعدگی سے معائنہ اور دورے کیے جائیں گے علاوہ ازیں اسسٹنٹ کمشنر ابوبکر میروانی نے ہول سیلرز اور پولٹری ایسوسی ایشن کے نمائندگان کو ہدایت کی کہ ریسٹورنٹس اور گھروں میں ہوم ڈیلیوری کے لیے نامزد کیے گئے کارکنوں کو ضلعی انتظامیہ کیچ کے دفتر میں بھیجا جائے تاکہ ان کے نام باقاعدہ طور پر درج کیے جاسکیں۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ عوامی مسائل کے حل، بنیادی سہولیات کی بہتری اور شہریوں کو ریلیف کی فراہمی کے لیے اقدامات جاری رکھے گی۔
اشیائے خوردونوش کی خرید و فروخت مقررہ سرکاری نرخوں کے مطابق کی جائے، ابوبکر میروانی
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل