کوئٹہ۔۔۔۔۔ آل بلوچستان بس یونین کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات ظاہر شاہ کاکڑ ، پنجاب خیبرپختونخوا بس یونین کے جنرل سیکرٹری وزیر خان ، اقبال سرگڑھ اور دیگر رہنماں نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں روزانہ اضافہ پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ عوام، ٹرانسپورٹرز، مزدوروں اور کاروباری طبقے کیلئے ناقابل برداشت بوجھ بن چکا ہے، پٹرول کی قیمت تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ چکی ہے۔ جس سے عام آدمی کی مشکلات میں کئی گنا اضافہ ہوگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے براہ راست اثرات اشیائے ضروریہ، سفری اخراجات اور ہر شعبہ زندگی پر پڑتے ہیں، جبکہ ٹرانسپورٹرز کیلئے گاڑیوں کے اخراجات، اسپیئر پارٹس، ٹائرز، مرمت اور دیگر ضروریات پہلے ہی انتہائی مہنگی ہوچکی ہیں۔موجودہ صورتحال میں ٹرانسپورٹ کا پہیہ چلانا بھی مشکل ہوتا جارہا ہے۔رہنماں نے کہا کہ حکومت عوام کو ریلیف دینے کے بجائے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کرکے مہنگائی کا نیا بوجھ ڈال رہی ہے۔ اگر یہی صورتحال برقرار رہی تو ٹرانسپورٹرز کیلئے موجودہ کرایوں پر سروس جاری رکھنا ممکن نہیں ہوگا، جس کے نتیجے میں مسافروں کو بھی مزید مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں فوری اور مثر کمی کرے، ٹرانسپورٹرز کیلئے خصوصی ریلیف پیکیج کا اعلان کیا جائے اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے تعین کے حوالے سے ایسا نظام وضع کیا جائے جس سے عوام اور ٹرانسپورٹرز کو مسلسل بڑھتی ہوئی مہنگائی سے نجات مل سکے۔
پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں تاریخ کی بلند ترین سطح پر ہیں، ظاہر شاہ کاکڑ
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل