جماعت اسلامی پرامن، آئینی اور جمہوری جدوجہد پر یقین رکھتی ہے، ثمینہ سعید

لاہور(پ ر) قائم مقام سیکرٹری جنرل حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان ثمینہ سعید ،صدروسطی پنجاب نازیہ توحید،صدرلاہور عظمی عمران نےآج 20 ستمبر کو حافظ نعیم الرحمن کی قیادت میں پٹرولیم لیوی اور مہنگائی کے خلاف اسلام آباد کی طرف ہونے والے مارچ کے حوالے سے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ اسلام آباد کی طرف روانہ ہونے والے قافلے صرف جماعت اسلامی کے کارکنان پر مشتمل نہیں بلکہ پاکستان کے عوام کی آواز لے کر جا رہے ہیں۔ ملک کے چاروں صوبوں، ہر شہر اور ضلع سے عوام اپنے حقوق کے لیے اس پ±رامن اور آئینی جدوجہد میں شریک ہوں گے۔ ان قافلوں کا جماعت اسلامی اور مہنگاءکے ستائے عوام کی جانب سے پر تپاک استقبال کیا جائے گا-انہوں نے کہا کہ عوام پر مزید ٹیکسوں اور مہنگائی کا بوجھ ڈالنے کے بجائے انہیں حقیقی ریلیف فراہم کیا جائے۔ پٹرولیم لیوی ختم کی جائے، مہنگائی میں کمی لائی جائے اور عام آدمی کو جینے کا حق دیا جائے۔ پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ صرف سفری اخراجات تک محدود نہیں رہتا بلکہ سبزی، آٹا، دودھ، کرایوں، تعلیم اور علاج سمیت زندگی کی بنیادی ضروریات کو بھی متاثر کرتا ہے۔ حکمرانوں کو سمجھنا ہوگا کہ عوام کی جیب لامحدود خزانہ نہیں ہے۔ثمینہ سعید نے کہا کہ پاکستان کی خواتین اس معاشی بحران کے اثرات کو براہِ راست محسوس کر رہی ہیں۔ جس ماں کے لیے گھر کا بجٹ بنانا مشکل ہو گیا ہے، جس خاندان کو بچوں کی فیس اور راشن میں سے کسی ایک کا انتخاب کرنا پڑتا ہے اور جس نوجوان کو روزگار کے مواقع میسر نہیں، ان سب کی مشکلات کے حل کے لیے جدوجہد ضروری ہے۔ 20 ستمبر کا مارچ کسی فرد کے خلاف نہیں بلکہ عوام کے حقوق کے لیے ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ جماعت اسلامی تصادم نہیں بلکہ پ±رامن، آئینی اور جمہوری جدوجہد پر یقین رکھتی ہے، تاہم عوام کے جائز مطالبات کو مسلسل نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔ حکومت کو چاہیے کہ عوام پہلے ہی ٹیکسوں اور مہنگائی کا بوجھ اٹھا رہے ہیں، اس لیے ان کی مشکلات میں مزید اضافہ نہ کیا جائے۔ اشرافیہ کو مراعات اور عام آدمی کو مسلسل قربانیوں پر مجبور کرنے کی پالیسیوں پر نظرثانی کی ضرورت ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں