اسلام آباد۔۔۔۔وزیراعظم شہبازشریف نے عوام کےلئے سبسڈی کے آسان حصول کے لیے انتظامیہ، رضاکاروں اور پیٹرول پمپ کے عملے پر مشتمل سہولت ڈیسک قائم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاہے کہ ریلیف فراہم کرنے کےلئے سہولت ڈیسک پر موجود افراد سکیم کے مستحق شہریوں کی رہنمائی کریں،عوام کو رجسٹریشن اور دیگر ضروری مراحل میں ہر ممکن رہنمائی فراہم کی جائے۔ بدھ کو وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت خلیج کی صورتحال کے پیش نظر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے کم آمدنی اور متوسط طبقے کو ریلیف کی فراہمی کے لیے پی ایم اسپیشل ریلیف اسکیم کی پیش رفت کے حوالے سے جائزہ اجلاس ہوا جس میں بتایاگیاکہ اسکیم کے تحت موٹر سائیکل، رکشہ اور 800 سی سی تک کی گاڑیوں کے مالکان کو فیول سبسڈی فراہم کی جا رہی ہے۔وزیراعظم نے عوام کے لیے سبسڈی کے آسان حصول کے لیے انتظامیہ، رضاکاروں اور پیٹرول پمپ کے عملے پر مشتمل سہولت ڈیسک قائم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ ریلیف فراہم کرنے کے لیے سہولت ڈیسک پر موجود افراد سکیم کے مستحق شہریوں کی رہنمائی کریں۔ انہوںنے کہاکہ عوام کو رجسٹریشن اور دیگر ضروری مراحل میں ہر ممکن رہنمائی فراہم کی جائے۔وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو عوام میں اسکیم سے متعلق کسی بھی قسم کی آگاہی کے لیے متحرک رہنے کی ہدایت کی ہے ۔اجلاس میں وزیراعظم کو فیول سبسڈی سکیم کی پیشرفت کے حوالے سے آگاہ کیا گیا۔ بریفنگ کے دور ان بتایاگیاکہ اسلام آباد میں اسکیم کے پائلٹ کے افتتاح کے بعد اب پورے ملک بشمول آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان میں سکیم کا افتتاح کیا جا چکا ہے۔ بتایاگیا کہ اس سکیم کو عوام کے لئے انتہائی آسان فہم بنایا گیا ہے،فیول سبسڈی اسکیم کی رجسٹریشن کے لئے صرف چار معلومات درکار ہیں۔ بتایاگیاکہ شناختی کارڈ نمبر، گاڑی کا نمبر پلیٹ، رجسٹریشن کا صوبہ اور گاڑی کی رجسٹریشن کی تاریخ اس اسکیم میں رجسٹریشن کے لیے درکار چار بنیادی معلومات ہیں۔ بتایاگیاکہ فیول سبسڈی اسکیم کی مکمل تفصیلات اردو ویب سائٹ www.pmfuelrelief.pk پر دستیاب ہیں۔ بتایاگیاکہ کامیاب رجسٹریشنز کی تعداد میں بتدریج اضافہ ہو رہا ہے، سکیم کو ملک گیر سطح پر نافذ کرنے کے لیے صوبائی حکومتیں بھرپور تعاون کر رہی ہیں۔ اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزراءاحد خان چیمہ، عطاءاللہ تارڑ، شزا فاطمہ خواجہ، علی پرویز ملک، وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی، معاون خصوصی طارق باجوہ اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ افسران شریک تھے۔
وزیراعظم کی انتظامیہ، رضاکاروں اور پیٹرول پمپ کے عملے پر مشتمل سہولت ڈیسک قائم کرنے کی ہدایت
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل