بلوچستان کے حالات گزشتہ ڈھائی سال میں زیادہ خراب ہوئے، گورنر

کوئٹہ(این این آئی) گورنر بلوچستان شیخ جعفر خان مندوخیل نے کہا ہے کہ بلوچستان کے حالات گزشتہ ڈھائی سال کے دوران زیادہ خراب ہوئے ہیں، تاہم حکومت حالات پر قابو پانے کے لیے بھرپور کوششیں کر رہی ہے، شاہراہوں پر خراب امن و امان کی صورتحال تشویش کا باعث ہے۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر بلوچستان شیخ جعفر مندوخیل نے کہا کہ باغات کے اندر فائرنگ سمیت کسی بھی مشکوک سرگرمی کی صورت میں باغ مالکان کو ریاستی اداروں کو آگاہ کرنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ باغات کاٹنے کی بات وزیراعلیٰ بلوچستان نے روانی میں کہہ دی تھی۔گورنر بلوچستان نے کہا کہ خواتین کی بااختیاری کو ایک بہت بڑی کامیابی ہے ۔انہوں نے کہا کہ حکومت ہر شخص کو سرکاری ملازمت فراہم نہیں کرسکتی نوجوانوں کو قرضے فراہم کرکے انہیں اپنے کاروبار شروع کرنے کے مواقع دیے جا رہے ہیں، نوجوان نہ صرف اپنے لیے کاروبار کر رہے ہیں بلکہ دوسروں کے لیے بھی روزگار کے مواقع پیدا کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ تیل، کیننگ، کڑھائی اور کھجور کی صنعتوں میں سینکڑوں افراد کو روزگار کے مواقع میسر آ رہے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں