پاکستان سعودی عرب اور مقدس مقامات کے تحفظ میں کسی طورپیچھے نہیں رہےگا،وفاقی وزرا

اسلام آباد :نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال نے مکہ مکرمہ میں حوثیوں کی جانب سے ڈرون حملے کی کوشش کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار نے کہا کہ مکہ مکرمہ پر حوثیوں کے ڈرون حملے کی مذمت کرتے ہیں، ڈرون حملہ سعودی عرب کی خودمختاری اورسالمیت کی خلاف ورزی ہے،مکہ مکرمہ پر ڈرون حملہ مسلمانوں کے مذہبی جذبات کی توہین ہے، حوثیوں کا مکہ پرڈرون حملہ علاقائی امن کےلیے خطرہ ہے۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان حرمین شریفین کے تقدس اورتحفظ کیلیےسعودی عرب کےساتھ ہے۔دوسری جانب وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا کہ مکہ مکرمہ جیسے مقدس شہر کو نشانہ بنانےکی کوشش ناقابلِ قبول ہے، اس کی حرمت اور زائرین کی سلامتی پرکوئی سمجھوتا نہیں ہونا چاہیے۔احسن اقبال نے کہا کہ سعودی عرب کی سلامتی، خودمختاری اور علاقائی سالمیت سے مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں، مکہ پر حملے کی کوشش پوری امتِ مسلمہ کے جذبات مجروح کرنے کے مترادف ہے، پاکستان سعودی عرب کی سلامتی اور حرمین الشریفین کے تحفظ کے عزم کے ساتھ کھڑا ہے۔ان کا کہنا ہے کہ خطے میں امن و استحکام کے لیے کشیدگی اور تشدد کا راستہ ترک کیا جائے، پاکستان سعودی عرب اور مقدس مقامات کے تحفظ میں کسی طورپیچھے نہیں رہےگا، خطہ پہلے ہی خطرات کی زد میں ہے، مسلم ممالک کو مل بیٹھ کر حل نکالنا ہوگا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں