خاران ( محمدعیسی محمدحسنی)خاران شہر اور اس کے گرد و نواح میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی کو یقینی بنانے اور عوام کو درپیش دیرینہ مسائل کے فوری حل کے لیے کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا۔ یہ اقدام صوبائی وزیرِ خزانہ و معدنیات و ایم پی اے خاران میر شعیب جان نوشیروانی اور ڈپٹی کمشنر خاران منیر احمد سومرو کی خصوصی ہدایات اور عوامی ترجیحات کے پیشِ نظر اٹھایا گیا، تاکہ شہری سطح پر پانی کی تقسیم اور متعلقہ شکایات کا ازالہ بلا تاخیر ممکن بنایا جا سکے۔ کھلی کچہری کی صدارت ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر خاران عمر جمالی اور ایکسیئن پی ایچ ای (PHE) حاجی امان اللہ شاہوانی نے کی۔ اس موقع پر سب انجینئر میر احمد سیاپاد سمیت صوبائی وزیرِ خزانہ کے فوکل پرسن برائے پی ایچ ای بختیار احمد مسکانزئی، ممتاز سماجی و سیاسی شخصیات حاجی حبیب احمد کبدانی، جہانزیب شیخ، مولانا عظمت اللہ انقلابی، ندیم بلوچ، کے ڈی بلوچ، اور محی الدین بلوچ کے علاوہ متعلقہ محکمے کے آفیسران اور علاقہ مکینوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ کھلی کچہری کے دوران شہر کے مختلف علاقوں بالخصوص وڈھ، جوڑان، کلاگانی محلہ، کلان، رب پٹ، علم خیلان، شیخ مسجد محلہ اور گزی روڈ سے آئے ہوئے شہریوں نے اپنے اپنے علاقوں میں پانی کے بحران، پائپ لائنوں کی خرابی، غیر مساوی تقسیم اور سپلائی کی بے ترتیبی سے متعلق کھل کر بات کی۔عوام نے نہ صرف درپیش مشکلات اور انتظامی نقائص سے حکام کو اگاہ کیا بلکہ پانی کے نیٹ ورک کو فعال بنانے کے لیے اپنی قیمتی تجاویز اور حل بھی پیش کیے۔عوامی مسائل اور تجاویز سنتے ہوئے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر خاران عمر جمالی اور ایکسیئن پی ایچ ای حاجی امان اللہ شاہوانی نے شہریوں کو یقین دہانی کرائی کہ تمام شکایات کا ترجیحی بنیادوں پر جائزہ لیا جائے گا۔ ضلعی انتظامیہ اور پی ایچ ای حکام نے واضح کیا کہ صوبائی وزیرِ خزانہ ومعدنیات میر شعیب جان نوشیروانی کے مکمل تعاون اور فنڈز کی دستیابی سے پینے کے پانی کے تمام بنیادی مسائل کو حل کرنے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر عملی اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ انھوں نے کہا کہ عوامی شکایات کا فوری تدارک ہماری اولین ترجیح ہے اور پانی کی منصفانہ فراہمی کے عمل میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی
خاران ، عوام کو درپیش دیرینہ مسائل کے فوری حل کےلئے کھلی کچہری کا انعقاد
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل