وندر، مسافر کوچ اور ایل پی جی بازر میں ہولناک تصادم، 2ڈرائیور جاں بحق، 25 مسافر زخمی

سونمیانی وندر(نمائندہ گوادر بزنس)وندر، کھرکھیڑہ کسٹم چیک پوسٹ کے قریب المحمود مسافر کوچ اور ایل پی جی گیس باو¿زر کے مابین ہولناک تصادم دونوں گاڑیوں کے ڈرائیورز موقع پر جاںبحق جبکہ کوچ میں سوار مرد خواتین اور بچوں سمیت 25 افراد زخمی ہوگئے۔ زخمیوں میں 4 کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق پیر کی صبح کوئٹہ کراچی مین قومی شاہراہ N-25 پر وندر کے علاقے کھرکھیڑہ کسٹم چیک پوسٹ کے قریب المحمود مسافر کوچ اور ایل پی جی گیس باو¿زر کے مابین ہولناک تصادم کے باعث دونوں گاڑیوں کے ڈرائیورز موقع پر ہی جان کی بازی ہار گئے۔ جاں بحق ہونے والوں کی شناخت دولت خان اور محمد طارق کے ناموں سے ہوئی ہے۔ حادثے کے نتیجے میں مسافر کوچ میں سوار مرد خواتین اور بچوں سمیت 25 افراد زخمی ہوگئے۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی وندر پولیس ، موٹر وے پولیس اور ریسکیو MERC سینٹر 1122 وندر کی ایمرجنسی میڈیکل ٹیمیں فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کردیں۔ ریسکیو اہلکاروں نے جاں بحق افراد اور زخمیوں کو ریسکیو سینٹر وندر منتقل کیا جہاں زخمیوں کو فوری طور پر ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی۔ شدید زخمیوں کو مزید علاج و معالجہ اور طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے ٹراما سنٹر کراچی ریفر کردیا گیا۔ حادثے کے بعد جائے وقوعہ پر لوگوں کی بڑی تعداد جمع ہوگئی جبکہ وندر پولیس اور موٹر وے پولیس نے امدادی کارروائیوں کے دوران ٹریفک کی روانی بحال رکھنے کے لیے اقدامات کیے۔ وندر پولیس نے ضابطے کی ضروری کارروائی مکمل کرنے کے بعد لاشیں ورثا کے حوالے کردیں۔ دوسری جانب حادثے کے باعث کوئٹہ کراچی مین قومی شاہراہ N-25 پر ٹریفک کی روانی کئی گھنٹوں تک معطل رہی جس کے باعث دونوں جانب گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں اور ہزاروں مسافر بھوکے پیاسے پھنسے رہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں