گنداخہ(نورحسن جمالی) وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی اور آئی جی پولیس بلوچستان طاہر خان کی ہدایات پر ضلع اوستا محمد کے تمام تھانوں میں عوامی مسائل کے حل اور پولیس و عوام کے درمیان باہمی اعتماد کو فروغ دینے کے لیے کھلی کچہریوں کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ اسی سلسلے میں تھانہ صدر اوستا محمد میں ایک کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا، جس میں سیاسی و سماجی شخصیات، قبائلی عمائدین، تاجر برادری، میڈیا نمائندگان اور شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔کھلی کچہری کے دوران شہریوں نے اپنے مسائل، شکایات اور تجاویز ایس ایچ او تھانہ صدر اوستا محمد انسپکٹر موسیٰ خان مری کے سامنے پیش کیں۔ ایس ایچ او نے تمام مسائل توجہ سے سنے اور انہیں قانون کے مطابق ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ایس ایچ او موسیٰ خان مری نے کہا کہ آج کی اس کھلی کچہری کا مقصد صرف ملاقات کرنا نہیں بلکہ عوام کے مسائل کو سننا، ان کا جائزہ لینا اور ان کے حل کے لیے مو¿ثر اقدامات کرنا ہے۔ عوام اور پولیس ایک ہی معاشرے کا حصہ ہیں، اور جب دونوں کے درمیان اعتماد، تعاون اور باہمی احترام قائم ہو تو امن و امان خود بخود مضبوط ہو جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہر شہری کے ساتھ بلاامتیاز اور قانون کے مطابق انصاف کیا جائے گا، جبکہ مظلوم کی داد رسی اور قانون کی بالادستی پولیس کی اولین ترجیح ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جرائم کا خاتمہ صرف پولیس کی ذمہ داری نہیں بلکہ اس کے لیے عوام کا تعاون بھی ناگزیر ہے۔ اگر شہری مشکوک افراد یا کسی بھی غیر قانونی سرگرمی کی بروقت اطلاع دیں تو پولیس فوری کارروائی کرتے ہوئے علاقے میں امن و امان کو مزید مو¿ثر بنا سکتی ہے۔ایس ایچ او نے بالخصوص نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ تعلیم، کھیل اور مثبت سرگرمیوں کو اپنائیں، قانون کا احترام کریں اور معاشرے میں امن، بھائی چارے اور رواداری کے فروغ میں اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ تھانہ صدر اوستا محمد کے دروازے ہر وقت عوام کے لیے کھلے ہیں اور ہر آنے والے شہری کے ساتھ عزت، احترام اور انصاف پر مبنی رویہ اختیار کیا جائے گا۔کھلی کچہری کے اختتام پر شہریوں نے اس اقدام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسے عوامی رابطہ پروگرام باقاعدگی سے منعقد ہونے چاہئیں تاکہ عوامی مسائل بروقت حل ہوں اور پولیس و عوام کے درمیان اعتماد مزید مضبوط ہو۔ آخر میں ایس ایچ او موسیٰ خان مری نے تمام معزز شہریوں، قبائلی عمائدین، سیاسی و سماجی شخصیات، تاجر برادری، میڈیا نمائندگان اور اپنی پولیس ٹیم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ سب کو عوام کی بہتر خدمت، انصاف کی فراہمی اور علاقے میں پائیدار امن و امان کے قیام کی توفیق عطا فرمائے۔
عوام اور پولیس ایک ہی معاشرے کا حصہ ہیں،موسیٰ خان مری
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل