پاکستان اور مصر کا امریکا ایران مفاہمتی یادداشت پر عمل درآمد کیلئے دوبارہ کوششیں تیز کرنے پر زور

اسلام آباد۔۔۔۔۔۔پاکستان اور مصر نے امریکا ایران مفاہمتی یادداشت پر عمل درآمد دوبارہ شروع کرنے اور تنازع پھیلنے سے روکنے کے لیے سفارتی کوششیں تیز کرنے پر زور دیا ہے۔عرب میڈیا کے مطابق مصر کے وزیر خارجہ بدر عبدالعاطی نے وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے ٹیلی فون پر رابطہ کر کے علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ اس کے علاوہ دونوں کے درمیان خطے میں کشیدگی میں کمی، امن و استحکام کی بحالی سے متعلق کوششوں پر بھی گفتگو ہوئی۔ترجمان وزارت خارجہ کے مطابق وزرائے خارجہ نے علاقائی سلامتی کے معاملات پر رابطے اور مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا جبکہ مصری وزیر خارجہ بدر عبدالعاطی نے اسحاق ڈار کو جلد مصر کے دورے کی دعوت بھی دی۔دوسری جانب نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے سعودی ہم منصب شہزادہ فیصل بن فرحان سے بھی ٹیلیفونک گفتگو کی اور علاقائی اور عالمی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ترجمان دفترخارجہ نے بتایا کہ دونوں وزرائے خارجہ نے کثیرجہتی فورمز پر باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو کی جبکہ مکہ دفاعی معاہدےکی اسٹریٹجک سیاسی و دفاعی کمیٹی کے اجلاس میں طے پانے والی مفاہمت پربھی بات چیت کی۔اس کے علاوہ ٹیلیفونک گفتگو میں استنبول اجلاس میں طے پانے والی مفاہمت پر عملدرآمد کا جائزہ بھی لیا گیا جبکہ پاکستان اور سعودی عرب کے وزرائے خارجہ نے قریبی روابط برقرار رکھنے پر بھی اتفاق کیا۔۔۔۔۔۔ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے ناروے کے وزیر خارجہ ایسپن بارتھ ایدے سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور شاہِ ناروے ہیرالڈ پنجم کے انتقال پر پاکستان کی جانب سے دلی تعزیت کا اظہار کیا۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اسحاق ڈار نے صدر، وزیراعظم، فیلڈ مارشل، اپنی جانب سے اور پاکستانی عوام کی طرف سے شاہی خاندان اور ناروے کے عوام سے ہمدردی کا اظہار کیا۔نائب وزیراعظم نے ناروے کے وزیر خارجہ کو آگاہ کیا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان کو 9 ستمبر کو اوسلو میں ہونے والی شاہ ہیرالڈ پنجم کی آخری رسومات میں پاکستان کی نمائندگی کےلئے نامزد کیا ہے۔ شاہ ہیرالڈ پنجم کا انتقال 89 برس کی عمر میں ہوا تھا اور ان کی آخری رسومات 9 ستمبر کو اوسلو میں ہوں گی۔اسحاق ڈار اور ایسپن بارتھ ایدے نے دونوں ممالک کے درمیان قریبی رابطہ برقرار رکھنے پر اتفاق کیا اور اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر ملاقات کی خواہش کا اظہار بھی کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں