کراچی:وفاقی وزیر صحت و ایم کیوایم پاکستان کے رہنما مصطفی کمال نے کہا ہے کہ نئے انتظامی یونٹس اب ایم کیو ایم کی خواہش نہیں بلکہ پاکستان کی بقا کا مسئلہ بن چکے ہیں، پیپلزپارٹی رہنماﺅں کی بوکھلاہٹ بتا رہی ہے کہ ان کے اقتدار کا سورج اب غروب ہو رہا ہے،ظلم کی سیاہ رات ختم ہونے کا وقت آچکا ہے،ریاست کے تمام ستون سمجھ چکے ہیں کہ ملک کو موجودہ گلے سڑے نظام کے ساتھ اب نہیں بچایا جا سکتا، ماضی میں صوبائی حکومتوں کی ناانصافیوں کی وجہ سے نوجوانوں نے ہتھیار اٹھائے نوجوان ہتھیاراٹھاتے ہیں تو صوبائی حکومت ان کیخلاف غداری کے نام پر آپریشن کراتی ہے۔ان خیالات کااظہار انہوں نے کراچی میں ایک تقریب میں متحدہ کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔مصطفی کمال نے کہا کہ ہم سو سال بھی ووٹ نہ دیں تو گٹر کا ڈھکنا نہ لگانے والے وزیراعلی کو بھی تبدیل نہیں کر سکتے، وزیراعلی نے پانی، ڈومیسائل، کوٹہ سسٹم اور سیوریج تک کا اختیار اپنے ہاتھ میں رکھا ہوا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ کر اچی والے اپنی نسلوں کو بچانے کےلئے بڑے احتجاجی مظاہرے کی تیاری کریں، نئے انتظامی یونٹس کے حصول کےلئے ایک دن پورے کراچی کو سڑکوں پر نکلنا ہوگا۔ مصطفی کمال نے کہا کہ سڑکوں پر نکل کر کراچی اب دنیا کو بتا دے گا کہ وہ اصل میں کیا چاہتا ہے، رواں سال بجٹ میں وفاق نے صوبوں کو 8 ہزار 884 ارب روپے دئیے۔موجودہ بجٹ میں سندھ کو 2 ہزار 263 ارب روپے ملے ہیں، گزشتہ 18 سال میں سندھ کو 22 ہزار ارب روپے ملے ہیں، ہم نے کراچی کو صرف 300 ارب روپے خرچ کرکے بنایا تھا۔مصطفی کمال نے کہا کہ میری نظامت میں ہونے والی ترقی کو کراچی والے آج بھی یاد کرتے ہیں، حقوق مانگنے پر آگ اس لئے لگی کیونکہ کسی اور کاروبار میں 22ہزار ارب نہیں مل سکتے، سندھ کے حکمران ہمارے حصے کا پانی بیچ کر لندن، امریکا اور دبئی میں جائیدادیں بنا رہے ہیں،انہوں نے کہا کہ پاکستان بیرونی سرحدوں پر اپنے سے سات گنا بڑے دشمن کو دھول چٹا چکا ہے، پاکستان اب دنیا کی سپر پاورز کے درمیان اہمیت کے ساتھ گفتگو کیا جانے والا ملک ہے، پاکستان دنیا میں اب تیسری جنگ عظیم رکوانے والا ملک بن گیا ہے۔
پی پی رہنماﺅں کی بوکھلاہٹ بتا رہی ہے اقتدار کا سورج ڈوب رہا ہے، مصطفی کمال
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل