مانسہرہ ۔۔۔۔سربراہ جمعیت علما اسلام (ف)مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ ملک کے لیے صرف ہم بول رہے ہیں باقی ہر طرف سناٹا ہے،انتخابی دھاندلی پہلے قبول کی نہ آئندہ کریں گے، حکمران ہمارے خدشات دور کرنے کے بجائے کردار کشی کر رہے ہیں، ملک کے استحکام کے لیے جمعیت علمائے اسلام کا کردار ضروری ہے،یہ وطن ہمارا ہے، اس کی محبت ہمارے خون میں شامل ہے، کسی غیر کو ریاست پر حملہ نہیں کرنے دیں گے۔اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمن نے کہاکہ ملک وحید سابق ڈویژنل صدر پاکستان پیپلز پارٹی ہزارہ کی جمعیت علماءاسلام میں شمولیت خوش آئند ہے۔ انہوںنے کہاکہ ملک وحید صاحب کو قافلہ شیخ الہند میں شامل ہونے پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ مولانا فضل الرحمن نے کہاکہ وقت کم ہے اور مقابلہ سخت ہے، لیکن پاکستان کا مستقبل ہمارا انتظار کر رہا ہے، ہم جس محاذ پر کھڑے ہیں وہ پاکستان کی تاریخ کا اہم محاذ ہے۔ انہوںنے کہاکہ ملک میں قوم کو آپس میں لڑایا جا رہا ہے، قوم کے سیاسی، سماجی اور معدنی حقوق پر ڈاکا ڈالا گیا تو ہم ضرور آواز اٹھائیں گے۔ انہوںنے کہاکہ ناجائز قوتوں کی ناجائز پالیسیاں کسی صورت قبول نہیں کریں گے، ہماری زمین پر عالمی قوتوں کو سانپ کی طرح بٹھانا کسی صورت قبول نہیں۔ انہوںنے کہاکہ دہشت گردی کی آڑ میں قومی وسائل پر ڈاکا ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، 2010 سے دہشت گردی کے خلاف جنگ جاری ہے، لیکن مرض بڑھتا گیا جوں جوں دوا کی۔ سربراہ جے یو آئی نے کہاکہ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ آپ کا کوئی بیرونی ایجنڈا ہے، حکمرانوں اور طاقتوروں کا فرض ہے کہ ہمارے شکوک و شبہات دور کرکے ہمیں مطمئن کریں۔ مولانا فضل الرحمن نے کہاکہ ہمارے سوالات کا جواب دینے کے بجائے ہماری کردار کشی کی جا رہی ہے۔ انہوںنے کہاکہ اب دوسری جماعتوں کی طرح چھپنے کے بجائے آپ کو میدان میں آنا ہوگا۔ انہوںنے کہاکہ پاکستانی قوم ہمارے ساتھ ہے،دھاندلی کے ذریعے حکومتیں مسلط کریں گے تو ہم قبول نہیں کریں گے۔ انہوںنے کہاکہ 2018 اور 2024 کے انتخابات کو ہم نے تسلیم نہیں کیا، ہمارا سفر جرات و ہمت کے ساتھ جاری رہے گا۔ انہوںنے کہاکہ یہ جدوجہد بے خوف و خطر جاری رہے گی۔
حکمران ہمارے خدشات دور کرنے کے بجائے کردار کشی کر رہے ہیں، فضل الرحمان
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل