حب (خ ن)کمشنر لسبیلہ ڈویژن سائرہ عطا نے کہا ہے کہ سیلاب متاثرین کے گھروں کی تعمیر کیلئے منظور شدہ منصوبے میں شفافیت اور مالی نظم و ضبط کے تحت منصوبے کی کامیابی یقینی بنائی جائے گی اور اس سلسلے میں کسی بھی سطح پر کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ یہ بات انہوں نے گزشتہ روز لیڈا کانفرنس ہال میں نیشنل رورل سپورٹ پروگرام (این آر ایس پی) کی جانب سے دی گئی بریفنگ میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہی۔ کمشنر لسبیلہ ڈویڑن نے کہا کہ 2022 کے سیلاب میں جن متاثرین کے گھر سیلاب کی نذر ہوئے، ان کی بحالی کیلئے جاری منصوبے میں شفافیت اور بہتر گورننس کو ہر صورت یقینی بنایا جائے، حکومت کا گڈ گورننس کے حوالے سے وژن واضح ہے۔ ڈسٹرکٹ منیجر این آر ایس پی جہانگیر بلوچ نے کمشنر کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پی ڈی ایم اے کی جانب سے 18 ہزار 815 سیلاب متاثرہ خاندانوں کی مستند فہرستیں فراہم کی گئی ہیں، جبکہ پہلے مرحلے میں فیز ون کے تحت 6200 گھروں کی تعمیر کے منصوبے کی منظوری دی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ لسبیلہ میں منصوبے کے تحت اب تک 3300 سنگل روم گھروں کی تعمیر مکمل کی جاچکی ہے، جبکہ آواران میں منظور شدہ 527 گھروں میں سے 300 سنگل روم گھروں کی تعمیر مکمل ہوئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ این آر ایس پی 2225 کمیونٹی بیسڈ آرگنائزیشنز کے اشتراک سے ضلع لسبیلہ میں کام کررہی ہے، جبکہ 22 یونین کونسلوں میں 21 ویمن ریسورس سینٹرز قائم کیے گئے ہیں۔ لسبیلہ ڈویڑن میں کمیونٹی انسٹی ٹیوشن پلاننگ اور کیپسٹی بلڈنگ کے منصوبوں پر بھی کام جاری ہے۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ گرانٹ ان ایڈ کے تحت کم آمدنی والے 6730 خاندانوں کو مال مویشی کی فراہمی کیلئے مالی معاونت دی گئی ہے۔ کمشنر کو بتایا گیا کہ بزنس آئیڈیاز کے تحت 1100 خواتین کو ہنرمند بنانے کیلئے حکومت بلوچستان اور بی ٹیوٹا کے توسط سے زیڈ بی ٹی آئی سی میں اسکل ڈویلپمنٹ ٹریننگ دی گئی، جس سے تربیت یافتہ خواتین اپنے خاندانوں کی معاشی کفالت میں کردار ادا کررہی ہیں۔ ڈسٹرکٹ سپورٹ منیجر نے بتایا کہ این آر ایس پی 534 کمیونٹی واٹر سپلائی اسکیموں کی سولرائزیشن پر کمیونٹی کے تعاون سے کام کررہی ہے، جبکہ 22 یونین کونسلوں میں 211 ویلیج ڈویلپمنٹ منصوبے بھی ترتیب دیے گئے ہیں۔ ڈسٹرکٹ انتظامیہ کی کوآرڈینیشن سے آئی سی سی ایم پراجیکٹ کے تحت لسبیلہ ڈویڑن کے پہاڑی علاقوں کی 10 یونین کونسلوں کو منتخب کیا گیا ہے، جہاں صحت کے شعبے میں سرکاری مراکز صحت تک رسائی میں مشکلات کا سامنا کرنے والی آبادی کیلئے اقدامات کیے جارہے ہیں۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ تمام بی ایچ یوز اور مراکز صحت کو ضروریات کی بنیاد پر ملیریا اسکریننگ کٹس اور ادویات مفت فراہم کی جاتی ہیں۔ ڈسٹرکٹ منیجر نیشنل رورل سپورٹ پروگرام لسبیلہ ریجن نے ملٹی میڈیا بریفنگ کے ذریعے مختلف منصوبوں پر پیشرفت سے متعلق کمشنر کو تفصیلی آگاہ کیا۔
سیلاب متاثرین کے گھروں کی تعمیر میں شفافیت یقینی بنائینگے، سائرہ عطا
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل