پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے اثرات، مہنگائی میں مزید اضافہ

اسلام آباد : پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے اثرات سامنے آنے لگے، ایک ہفتے کے دوران مہنگائی کی شرح میں 0.49فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔وفاقی ادارہ شماریات کی جانب سے جاری ہفتہ وار مہنگائی کے اعدادوشمار کے مطابق 51اشیائے ضروریہ میں سے 19 کی قیمتوں میں اضافہ، 9 میں کمی جبکہ 23 اشیا کی قیمتیں مستحکم رہیں۔رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے میں ڈیزل کی قیمت 7.29 فیصد، پیٹرول 6.40 فیصد اور ایل پی جی 3.26 فیصد مہنگی ہوئی۔ لہسن کی قیمت میں 1.94 فیصد اور انڈے 1.72 فیصد مہنگے ہوئے، جبکہ چنے کی دال، مسور، مونگ کی دال، ڈبل روٹی، سرسوں کا تیل اور مٹن کی قیمتوں میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا، ایک ہفتے میں کیلے 6.17 فیصد،ٹماٹر 5.66 فیصد، پیاز 4.57 فیصد اور مرغی 2.33 فیصد سستی ہوئی۔ادارہ شماریات کے مطابق ایک سال کےدوران ایل پی جی 60.42 فیصد، ڈیزل 54.21 فیصد اور پیٹرول 48 فیصد مہنگا ہوا،کم آمدنی والے طبقے کیلئے بجلی کے نرخ 33.54 فیصد بڑھے۔رپورٹ کے مطابق مرچ پاﺅڈر 16.37فیصد، مٹن 15.86فیصد اور گائے کا گوشت 12.88 فیصد مہنگا ہوا، آٹا 33.27 فیصد مہنگاہوا، جبکہ کیلے، ڈبل روٹی اور تازہ دودھ کی قیمتیں بھی گزشتہ سال کے مقابلے میں بڑھ گئیں۔دوسری جانب آلو کی قیمت میں سالانہ بنیادوں پر 35.31 فیصد، چینی 20.95 فیصد، انڈے 19.31 فیصد اور مرغی کی قیمت میں 15.26فیصد کمی ریکارڈ کی گئی،نمک، چنے کی دال، مسور اور مونگ کی دال بھی گزشتہ سال کے مقابلے میں سستی ہوئیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں