تربت……یونیورسٹی آف تربت اور بلوچستان یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی خضدار کے مابین ریواﺅل آف بلوچستان واٹر ریسورسز پروگرام پر عملدرآمد کے لیے ایک اہم مفاہمتی یادداشت (ایم اویو) پر دستخط کیے گئے ہیں۔ اس معاہدے کے تحت دونوں جامعات اقوام متحدہ کا ادارہ برائے خوراک وزراعت کے تعاون سے بلوچستان میں آبی وسائل کی بحالی اورچراگاہوں کی ترقی کے لیے مشترکہ کوششیں کریں گے۔ اقوام متحدہ کا ادارہ برائے خوراک و زراعت کے مالی تعاون سے جاری اس پروگرام کا بنیادی مقصد بلوچستان میں پانی کے بحران پر قابو پانا، زراعت، لائیوسٹاک اور چراگاہوں کی صورتحال کو بہتر بنانا ہے۔ جامعہ تربت میں منعقدہ ایک تقریب کے دوران تربت یونیورسٹی کے اسسٹنٹ رجسٹرار غوث بخش بلوچ اور انجینئرنگ یونیورسٹی خضدار کی جانب سے پروجیکٹ مینیجر انجینئر شکیل احمد نے معاہدے پر دستخط کیے۔اس اسٹریٹجک شراکت داری کے تحت دونوں جامعات موسمیاتی تبدیلیوں کے منفی اثرات سے نمٹنے، پانی کے ضیاع کو روکنے اور زمین کے بہتر استعمال کے حوالے سے مشترکہ طور پر سیمینارز اور ورکشاپس کا انعقاد کریں گے۔ اس کے علاوہ مقامی کمیونٹیزکے لیے خصوصی تعلیمی آگاہی مہم بھی چلائی جائے گی اور مختلف سرگرمیوں میں طلبہ کی فعال شرکت کو یقینی بنایا جائے گا۔ معاہدے کے تحت متعلقہ جامعات میں نالج کارنرز بھی قائم کیے جائیں گے تاکہ تحقیق و معلومات تک رسائی کو آسان بنایا جا سکے۔ یونیورسٹی ترجمان کے مطابق تربت یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر گل حسن نے اپنے خصوصی پیغام میں اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہاہے کہ یہ معاہدہ اقوام متحدہ کے پائیدار ترقیاتی اہداف (ایس ڈی جیز) کے حصول میں اپنا حصہ ڈالنے کے لئے جامعہ تربت کی سنجیدہ کوششوں کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ وائس چانسلر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ تربت یونیورسٹی، انجینئرنگ یونیورسٹی خضدار، فوڈ اینڈ ایگریکلچر آرگنائزیشن اور دیگر شریک اداروں کے ساتھ مل کر جنوبی بلوچستان میں مقامی آبادی کے ذرائع معاش میں بہتری، غذائی تحفظ اور ماحولیاتی پائیداری کو یقینی بنانے کے لیے اپنا کلیدی کردار ادا کرتی رہے گی
تربت یونیورسٹی اور انجینئرنگ یونیورسٹی خضدار کے مابین مفاہمتی یادداشت پر دستخط
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل