چھتر ندی سے آنے والے شدید سیلابی ریلے کے باعث سینکڑوں گھر زیرِ آب آ گئے

نصیر آباد( محمد یونس عمرانی)ضلع نصیر آباد کے علاقے ربیع کینال، یونین کونسل شر بیرون میں چھتر ندی سے آنے والے شدید سیلابی ریلے کے باعث سینکڑوں گھر زیرِ آب آ گئے جبکہ متعدد خاندان بے گھر ہو کر کھلے آسمان تلے زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔متاثرہ علاقوں میں انسانی مشکلات کے پیشِ نظر الخدمت فاو¿نڈیشن نصیر آباد کی امدادی ٹیم فوری طور پر موقع پر پہنچ گئی۔ رضاکاروں نے سیلاب سے متاثرہ خاندانوں میں پکا پکایا کھانا تقسیم کیا اور خواتین، بچوں اور بزرگوں سمیت متاثرین کی ضروریات کا جائزہ لیا۔الخدمت فاو¿نڈیشن کے رضاکاروں نے متاثرین کو یقین دلایا کہ مشکل کی اس گھڑی میں انہیں تنہا نہیں چھوڑا جائے گا اور امدادی سرگرمیاں آئندہ بھی جاری رہیں گی۔ تنظیم کی جانب سے ضرورت کے مطابق مزید خوراک، صاف پانی اور دیگر امدادی سامان کی فراہمی کے لیے بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔سیلاب متاثرین نے بروقت امداد فراہم کرنے پر الخدمت فاونڈیشن نصیر آباد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے حکومت، ضلعی انتظامیہ اور دیگر فلاحی اداروں سے اپیل کی ہے کہ متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے تاکہ تمام متاثرہ خاندانوں کو فوری ریلیف فراہم کیا جا سکے

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں