صفائی ستھرائی اور نکاسی آب کے نظام میں بہتری لانے کے لیے عملی اقدامات کا دائرہ کار مزید وسیع

سونمیانی وندر(زبیر بلوچ) وندر شہر میں صفائی ستھرائی اور نکاسی آب کے نظام میں بہتری لانے کے لیے میونسپل کمیٹی نے عملی اقدامات کا دائرہ کار مزید وسیع کر دیا۔ شہر کی مختلف شاہراہوں ، گلیوں اور محلوں میں نئے مین ہولز کی تعمیر کا کام تیزی سے جاری ہے تاکہ نکاسی آب کے دیرینہ مسائل پر قابو پایا جا سکے اور شہری علاقوں میں سیوریج کے نظام کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔ نئے اور مضبوط مین ہولز کی تعمیر سے شہری انفراسٹرکچر میں بہتری آنے اور سڑکوں و گلیوں میں سیوریج سے متعلق مسائل میں کمی کی توقع ظاہر کی جا رہی ہے۔ دوسری جانب میونسپل کمیٹی کی جانب سے شہر بھر میں صفائی مہم بھی تیز کر دی گئی ہے۔ سینٹری عملہ روزانہ کی بنیاد پر گلیوں ، محلوں ، بازاروں ، چوک چوراہوں ، نالیوں اور سیوریج لائنوں کی صفائی اور کچرے کی بروقت منتقلی میں مصروف ہے۔ صفائی کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے مختلف علاقوں میں خصوصی نگرانی بھی کی جا رہی ہے۔ عوامی حلقوں نے صفائی مہم اور نئے مین ہولز کی تعمیر کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ ان اقدامات سے شہر میں صفائی نکاسی آب اور مجموعی شہری انفراسٹرکچر میں بہتری آئے گی۔ چیئرمین میونسپل کمیٹی وندر امام بخش برہ، چیف آفیسر عبدالبصیر خان مندوخیل کی خصوصی ہدایت پر سیکرٹری میونسپل کمیٹی عنایت اللہ راٹھوڑ صفائی اور نکاسی آب سے متعلق جاری سرگرمیوں کی نگرانی کر رہے ہیں جبکہ شہریوں کی جانب سے موصول ہونے والی شکایات کے فوری ازالے کے لیے بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں