گنداواہ(نامہ نگار )سیاسی و سماجی رہنما سید غلام رسول شاہ بخاری ایڈووکیٹ نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ گزشتہ رات گنداواہ شہر کے بہادر نوجوانوں، پولیس اور ایل ایس گنداواہ عمران علی راھوجہ کی بروقت کارروائی، ہمت اور جرات کے باعث بھاگ سے گنداواہ آنے والی 33 کے وی ہائی ٹرانسمیشن لائن کو نامعلوم شرپسند عناصر کی ممکنہ تخریب کاری سے بچا لیا گیا، جو ایک قابلِ تحسین اور مثالی اقدام ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر یہ تخریب کاری کامیاب ہو جاتی تو گنداواہ شہر اور گردونواح کے علاقوں کو شدید بجلی بحران کا سامنا کرنا پڑتا۔ انہوں نے گنداواہ کے نوجوانوں کی جرات، بیداری اور شہر سے محبت کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ نوجوان تعریف کے حقیقی مستحق ہیں، جنہوں نے اپنی جانوں کی پروا کیے بغیر قومی اثاثے کی حفاظت کو یقینی بنایا۔سید غلام رسول شاہ بخاری ایڈووکیٹ نے مزید کہا کہ گنداواہ کے نوجوان ہمیشہ اپنے شہر کے امن، ترقی اور تحفظ کے لیے اتحاد و اتفاق کا مظاہرہ کرتے آئے ہیں۔ گزشتہ رات بھی انہوں نے اپنی ذمہ داری کا بہترین ثبوت دیتے ہوئے ایک نئی مثال قائم کی، جس پر پوری قوم کو فخر ہے۔انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ آئندہ بھی اسی جذبے، اتحاد اور ذمہ داری کے ساتھ اپنے شہر اور قومی املاک کی حفاظت میں اپنا کردار ادا کرتے رہیں تاکہ شرپسند عناصر کے ناپاک عزائم ہمیشہ ناکام ہوتے رہیں۔
گنداواہ شہر کے بہادر نوجوانوں کو سلام پیش کرتا ہوں،سید غلام رسول شاہ
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل