نہری نظام میں صورتحال بتدریج بہتر ہو رہی ہے،مدثر ظفر کھوسہ

نصیرآبا(خ ن) سپرنٹنڈنگ انجینیئر ایریگیشن سرکل نصیرآباد ڈویژن مدثر ظفر کھوسہ نے کہا ہے کہ بلوچستان کے نہری نظام میں صورتحال بتدریج بہتر ہو رہی ہے اور گڈو بیراج و سکھر بیراج سے پٹ فیڈر کینال، کیرتھر کینال، اوچ کینال سمیت دیگر نہروں میں پانی کی ترسیل میں نمایاں اضافہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی وزیر ایریگیشن میر محمد صادق عمرانی اور صوبائی سیکرٹری آبپاشی سہیل الرحمن بلوچ کی ہدایات کی روشنی میں کاشتکاروں کو منصفانہ طریقے سے زرعی پانی کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے، جبکہ چیف انجینیئر کینالز قربان علی جتوئی خود نہری نظام کی نگرانی کر رہے ہیں اور مختلف کینالوں کے اچانک دورے کرکے پانی کی ترسیل اور تقسیم کے نظام کا باریک بینی سے جائزہ لے رہے ہیں۔ مدثر ظفر کھوسہ نے بتایا کہ ارسا قوانین کے مطابق پٹ فیڈر کینال کا حصہ 6700 کیوسک ہے، تاہم موجودہ صورتحال میں نمایاں بہتری آئی ہے اور آر ڈی 109 کے مقام پر 6444 کیوسک پانی فراہم کیا جا رہا ہے، جبکہ کیرتھر کینال کو 2400 کیوسک کے بجائے 1478 کیوسک پانی مل رہا ہے، اسی طرح مانجھوٹی اور اوچ کینال میں بھی ضرورت کے مطابق پانی فراہم کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ ایریگیشن کے انجینیئرز کی اولین ذمہ داری نہری نظام کے تحت پانی کی منصفانہ تقسیم کو یقینی بنانا ہے اور اس مقصد کے لیے کڑی مانیٹرنگ کا عمل مسلسل جاری ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں