شہید لیڈی پولیو ورکر کی قربانی کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا ، حمیرا بلوچ

اوتھل(خ ن)ڈپٹی کمشنر لسبیلہ حمیرا بلوچ نے ٹریفک حادثے میں شہید ہونے والی لیڈی پولیو ورکر کے اہلِ خانہ سے اظہارِ تعزیت کرتے ہوئے ضلعی انتظامیہ لسبیلہ اور محکمہ صحت کی مشترکہ کاوشوں کے تحت مالی امداد کا چیک ان کے لواحقین کے حوالے کیا، جبکہ شہید پولیو ورکر کے بیٹے کی میٹرک تک مفت تعلیم کی فراہمی کا بھی اعلان کیا۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر حمیرا بلوچ نے کہا کہ پولیو ورکرز قومی فریضہ انجام دیتے ہوئے بچوں کو موذی مرض سے محفوظ بنانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں، اور ان کی خدمات قابلِ قدر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہید لیڈی پولیو ورکر کی قربانی کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا اور ضلعی انتظامیہ متاثرہ خاندان کی ہر ممکن معاونت جاری رکھے گی۔واضح رہے کہ مذکورہ ٹریفک حادثے میں ایک لیڈی پولیو ورکر شہید جبکہ ایک دوسری شدید زخمی ہوئی تھی۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ حکومت بلوچستان اور ضلعی انتظامیہ عوامی خدمت اور اپنے فرائض کی انجام دہی کے دوران متاثر ہونے والے اہلکاروں اور ان کے خاندانوں کی فلاح و بہبود کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔اس موقع پر ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن (WHO) ضلع لسبیلہ کے نمائندہ ڈاکٹر منیر بلوچ، جنرل کونسلر میونسپل کمیٹی اوتھل نصیر احمد لنگاہ اور ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آپریشن سینٹر (DEOC) لسبیلہ کی ڈاکٹر ندا رشید بھی موجود تھیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں