تمام کارروائی کو کالعدم قراردے کر ٹینڈرز منسوخی کا نوٹیفکیشن جاری کیا جائے،میربیبرگ رند

سبی(نامہ نگار)ڈسٹرکٹ چیئرمین لوکل گورنمنٹ ڈھاڈر سردارزادہ میر بیبرگ خان رند نے آج ہونے والے ترقیاتی منصوبوں کے ٹینڈرز کے عمل پر شدید تحفظات اور تشویش کا اظہار کرتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ متعلقہ لوکل گورنمنٹ افسران کی جانب سے دانستہ طور پر دفتر سے غیر حاضر رہ کر ٹینڈر کے عمل کو متنازع بنایا گیا جس کا مقصد مخصوص اور من پسند ٹھیکیداروں کو نوازنا ہے اپنے جاری کردہ بیان میں سردارزادہ میر بیبرگ خان رند نے کہا کہ بلوچستان پبلک پروکیورمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی (بیپرا) کے قواعد و ضوابط کے مطابق مقررہ وقت پر شفاف انداز میں ٹینڈرز کا انعقاد متعلقہ حکام کی ذمہ داری تھی، مگر افسران کی غیر حاضری اور مبینہ جانبداری نے پورے عمل کی شفافیت پر سنگین سوالات کھڑے کر دیے ہیں انہوں نے کہا کہ اگر سرکاری ٹینڈرز میں شفافیت کو یقینی نہ بنایا گیا تو ترقیاتی منصوبوں کا معیار متاثر ہوگا اور قومی خزانے کو نقصان پہنچنے کے ساتھ عوام کا اعتماد بھی مجروح ہوگا ان کا کہنا تھا کہ کسی بھی صورت میں بیپرا رولزکی خلاف ورزی برداشت نہیں کی جا سکتی اور تمام ٹھیکیداروں کو یکساں مواقع فراہم کرنا حکومت کی آئینی اور قانونی ذمہ داری ہے ڈسٹرکٹ چیئرمین لوکل گورنمنٹ ڈھاڈر سردارذادہ میر بیںرگ خان رند نے وزیراعلیٰ بلوچستان، چیف سیکرٹری بلوچستان، سیکرٹری لوکل گورنمنٹ، ڈی جی بیپرا اور دیگر متعلقہ اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ آج ہونے والے متنازع ٹینڈرز کا فوری نوٹس لیا جائے، تمام کارروائی کو کالعدم قرار دیتے ہوئے ٹینڈرز کی منسوخی کا نوٹیفکیشن جاری کیا جائے اور شفاف تحقیقات کے بعد بیپرا قوانین کے مطابق ازسرنو ٹینڈرز منعقد کیے جائیں۔ انہوں نے مزید مطالبہ کیا کہ اگر کسی افسر کی غفلت یا جانبداری ثابت ہوتی ہے تو اس کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام ممکن ہو سکے

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں