ایران کا ایک بار پھر کویت پر میزائل اور ڈرون حملہ2 فوجی ہلاک، ایک امریکی MQ-9 ڈرون کو مار گرانے کا دعویٰ

واشنگٹن /تہران /عمان/کویت سٹی۔۔۔۔ایرانی پاسداران انقلاب کی بحریہ کے ایک باخبر ذریعے نے آبنائے ہرمز کی موجودہ صورتحال پر کہا ہے کہ جب تک حالات تبدیل نہیں ہوتے، بحری جہازوں کی آمدورفت پر عائد پابندیاں برقرار رہیں گی۔ذرائع کے مطابق جب تک امریکا کی جانب سے حملے اور اشتعال انگیز سرگرمیاں جاری رہیں گی، آبنائے ہرمز بند رہے گی اور کسی بھی بحری جہاز کو وہاں سے گزرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ذرائع نے دعویٰ کیا کہ اس وقت آبنائے ہرمز سےکسی بھی قسم کی بحری آمدورفت نہیں ہو رہی،گزشتہ چند دنوں کے دوران کئی ایسے بحری جہاز جنہوں نے امریکی فوج کی حمایت کے ساتھ اس راستے سے گزرنےکی کوشش کی انہیں ایرانی افواج نے روک دیا ادھر ایٹامک انرجی آرگنائزیشن آف ایران نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکا نے ملک کے جنوب مغربی حصے میں زیرِ تعمیر جوہری پاور پلانٹ پر حملہ کیا ہے۔فرانسیسی خبر رساں ادارے کے مطابق ایرانی تنظیم نے اتوار کو جاری بیان میں کہا کہ امریکی افواج نے بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے دارخوین جوہری پاور پلانٹ کو متعدد پروجیکٹائلز سے نشانہ بنایا۔ دریں اثناءاردن میں امریکی سفارت خانے نے کہا کہ اردن کے جنوبی شہر عقبہ میں واقع بین الاقوامی ہوائی اڈے اور بندرگاہ کو ایک خطرے کے باعث خالی کرالیا گیا ہے۔برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی سفارتخانے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ تمام امریکی شہریوں کو سختی سے ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ ائیرپورٹ اور بندرگاہ کا سفر کرنے سے گریز کریں اور اردنی حکام کی سکیورٹی ہدایات پر عمل جاری رکھیں۔دوسری جانب اردن کی سرکاری خبررساں ایجنسی نے اس بیان کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ اردن کے حکام نے ائیرپورٹ اور بندرگاہ خالی کروانے کا کوئی فیصلہ نہیں کیا اور گزشتہ ایک گھنٹے کے دوران اس حوالے سے کسی خطرے کی نشاندہی بھی نہیں ہوئی۔دریں اثناءایرانی پاسداران انقلاب کی بحریہ نے دعوی کیا ہے کہ آبنائے ہرمز میں 4 جہازوں نے ہدایات کی خلاف ورزی کرتے ہوئے غیر محفوظ راستے سے گزرنے کی کوشش کی جن میں سے دو کو روک دیا گیا جبکہ دیگر دو جہازوں نے خود ہی اپنا سفر روک دیا۔پاسدران نے اپنے بیان میں کہا کہ چند گھنٹے قبل 4 جہازوں نے امریکی حمایت کے ساتھ آبنائے ہرمز سے غیر محفوظ راستے کے ذریعے گزرنے اور وہاں سے نکلنے کی کوشش کی۔بیان کے مطابق ان جہازوں نے اپنے نیویگیشن سسٹمز بند کر دیے اور آبنائے ہرمز میں پاسداران کی کنٹرول بیس کی وارننگز کو نظر انداز کیا۔پاسداران کے مطابق ان میں سے دو جہاز ایک حادثے کا شکار ہوئے اور اپنی جگہ پر روک دیے گئے جبکہ باقی دو جہازوں نے غیر محفوظ راستے پر آگے بڑھنے سے گریز کیا۔پاسداران کی بحریہ نے دعویٰ کیا کہ اسے آبنائے ہرمز پر مکمل کنٹرول حاصل ہے اور صرف وہی راستہ محفوظ ہے جس کا باضابطہ طور پر اعلان کیا گیا ہے۔پاسداران نے خبردار کیا کہ جو جہاز امریکی پروپیگنڈے کے زیرِ اثر آ کر آبنائے ہرمز میں غیر محفوظ راستے میں داخل ہوں گے وہ لازما کسی حادثے کا شکار ہوں گے۔ ادھر ایرانی پارلیمنٹ کی قومی سلامتی کمیٹی کے سربراہ ابراہیم عزیزی نے کہا ہے کہ اگر امریکی فوجیوں کو معلوم ہوتا کہ سپریم لیڈر کے بیان میں امریکا کو ناقابل فراموش سبق سکھانے والی بات کا کیا مطلب تھا تو وہ فرار ہونے میں ایک لمحہ بھی ضائع نہ کرتے۔ دوسری جانب ایران کی مسلح افواج نے ایک امریکی MQ-9 ڈرون کو مار گرانے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔نیم سرکاری خبر رساں ادارے کے مطابق کچھ دیر قبل اہواز کی فضاں میں ایک MQ-9 ڈرون کو نشانہ بنا کر تباہ کر دیا گیا۔ دریں اثناءکویت کی فوج نے کہا کہ ایرانی میزائلوں اور ڈرونز کے تازہ حملے کے بعد ملک کا فضائی دفاعی نظام ان خطرات کو ناکام بنانے کے لیے سرگرم ہے۔اس سے قبل ایران نے کویت میں العدیری کیمپ اور علی السالم ائیر بیس سمیت امریکی فوجی اثاثوں اور تنصیبات کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا تھا۔ دوسری جانب امریکی فوج نے اعلان کیا ہے کہ اس نے ایران کے خلاف حملوں کا تازہ مرحلہ مکمل کر لیا ہے۔امریکی فوج کی سینٹرل کمانڈ کے مطابق ان حملوں میں ایرانی فوج کی ساحلی نگرانی کی تنصیبات، فضائی دفاعی نظام، بحری صلاحیتوں اور میزائل و ڈرون ذخیرہ کرنے کے مقامات کو نشانہ بنایا گیا۔سوشل میڈیا پر جاری بیان میں مزید کہا گیا کہ امریکی فوج نے پاسداران انقلاب کی ان فورسز کو بھی ہدف بنایا جن پر الزام ہے کہ انہوں نے جمعے کے روز اردن میں امریکی فوجیوں پر حملے کیے تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں