وزیرداخلہ محسن نقوی سے لبنانی ہم منصب کی ون آن ون ملاقات

اسلام آباد۔۔۔۔۔۔وزیرداخلہ محسن نقوی سے لبنانی ہم منصب نے ون آن ون ملاقات کی جس میں دونوں وزارت داخلہ کے درمیان باہمی تعاون کو فروغ دینے کیلئے ایم او یو پر جلد دستخط کرنے کا فیصلہ کیا گیا ۔تفصیلات کے مطابق لبنان کے وزیر داخلہ احمد الحجار کی وزارت داخلہ آمد، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے لبنانی ہم منصب کا پرتپاک استقبال کیا۔ لبنانی وزیر داخلہ نے پاکستانی ہم منصب محسن نقوی سے ون آن ون ملاقات کی جبکہ پاک لبنان وزرائے داخلہ کے درمیان وفود کی سطح پر بھی مذاکرات ہوئے جس میں سکیورٹی تعاون، دہشتگردی،منشیات، غیر قانونی امیگریشن، منی لانڈرنگ اور سائبر کرائمز کی روک تھام کیلئے تعاون کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا اور پولیس اکیڈمیز اور تربیتی پروگرامز کے لیے اشتراک کار کو فروغ دینے پر بات چیت کی گئی۔ ملاقات میں علاقائی صورتحال اور خطے میں پائیدار امن کے لئے پاکستان کی کاوشوں پر گفتگو کی گئی۔دونوں وزارت داخلہ کے درمیان باہمی تعاون کو فروغ دینے کیلئے ایم او یو پر جلد دستخط کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ ملاقات میں فیصلہ کیا گیا کہ دوطرفہ کوآرڈینیشن بڑھانے کیلئے فوکل پرسن مقرر کئے جائیں گے۔دہشت گردوں اور ڈرگ مافیا کی سرکوبی اور سکیورٹی چیلنجز سے موثر طریقے سے نمٹنے کیلئے انٹیلیجنس شیئرنگ پر اتفاق کیا گیا جبکہ انسداد منشیات کے شعبے میں ایم او یو پر مکمل طور پر عملدرآمد کا فیصلہ کیا گیا۔دونوں وزرائے داخلہ نے دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان سفارتی و سرکاری پاسپورٹس پر ویزہ فری انٹری کی سہولت فراہم کرنے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اس موقع پر کہا کہ امید ہے آپ کا دورہ دونوں ممالک کے مابین تعاون کے لئے نئی راہیں کھولے گا۔لبنان کے وزیر داخلہ نے پاکستان میں شاندار مہمانوازی پر پاکستانی ہم منصب محسن نقوی کا شکریہ ادا کیا۔ لبنانی وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان برادر ملک ہے، مشترکہ مفادات کے شعبوں خصوصا داخلی سکیورٹی میں تعاون کو آگے بڑھانا چاہتے ہیں۔دونوں ممالک ایک دوسرے کے تجربات سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔وزیر مملکت طلال چوہدری، وفاقی سیکرٹری داخلہ، چیئرمین نادرا، ڈی جی ایف آئی اے، ڈی جی اے این ایف، آئی جی فیڈرل کانسٹیبلری، ڈی جی پاسپورٹس اینڈ امیگریشن، چیف کمشنر اسلام آباد، آئی جی اسلام آباد پولیس، ڈی جی نیشنل فرانزک ایجنسی،سپیشل سیکرٹری و ایڈیشنل سیکرٹریز داخلہ اور اعلیٰ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں