کراچی (ویب ڈیسک) سندھ اسمبلی میں منگل کو پرائیوٹ ممبر ڈے کے موقع پر ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم کرنے سے متعلق اپوزیشن کے رکن کی ایک قراداد متفقہ طور پر منظور کرلی گئی۔قراداد پی ٹی آئی کے رکن اسمبلی محمد اویس نے پیش کی تھی جس کی حکومت کی جانب سے مخالفت نہیں کی گئی ۔ سینئر صوبائی وزیرشرجیل انعام میمن نے قرارداد کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ پیٹرولیم کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کی وجہ سے عوام بہت پریشان ہیں۔ حکومت فی لیٹر پر 100 روپے سے زیادہ لیوی لیتی ہے یہ لیوی ختم ہونی چاہیے ۔انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم وفاقی حکومت کی اتحادی ہے اسے چاہیے کہ وہ عوام کو ریلیف دلانے کے لئے وفاقی حکومت سے بات کرے ۔انہوں نے یاد دلایا کہ ایم کیو ایم ماضی میں پی پی حکومت کی اتحادی تھی ۔اس زمانے میںایک روپے پیٹرول کی قیمت بڑھ گئی تو اس نے حکومت چھوڑ دی تھی لیکن اس وقت یہ لوگ حکومت کے مزے لے رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ جو وفاقی کابینہ میں بیٹھے ہیں وہ ا س معاملے پر بات کریں ۔ہم اس قراداد کی بھرپور تائید کرتے ہیں اوروفاقی حکومت سے مطالبہ ہے کہ وہ لیوی ختم کرے ۔انہوں نے وفاقی حکومت سے کہا کہ وہ پیٹرولیم کی قیمتوں کے سلسلے میں ہوش کے ناخن لے ۔شرجیل میمن نے کہا کہ ایم کیو ایم کے وفاقی نمائندے پٹرول کی مہنگائی کے خلاف آواز کیوں نہیں اٹھاتے؟ انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم وفاقی حکومت کا حصہ ہے، اسے پٹرول کی مہنگائی پر اپنا مو¿قف واضح کرنا چاہیے۔ سینئر صوبائی وزیر نے کہا کہ ایم کیو ایم اقتدار کے نشے اور ہوس میں عوام کی مشکلات کو نظر انداز نہ کرے۔انہوں نے کہا کہ ایک روپے اضافے پر اقتدار چھوڑنے والی جماعت آج خاموش ہے جبکہ پیپلز پارٹی آج عوام کے ساتھ ہونے والی زیادتی پر آواز اٹھا رہی ہے۔
سندھ اسمبلی میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم کرنے سے متعلق اپوزیشن کے رکن کی قراداد متفقہ طور پر منظور
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل