ژوب بائی پاس کیلئے فوری فنڈز کا بندوست اس امر کا مظہر ہے کہ وفاقی سطح پر بلوچستان کی بنیادی ڈھانچے کی ضروریات کو اہمیت دی جا رہی ہے، گورنر

اسلام آباد(خ ن)گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل سے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں استحکام پاکستان پارٹی کے صدر اور وفاقی وزیر برائے مواصلات عبدالعلیم خان کے درمیان “گورنر بلوچستان اور وفاقی وزیر مواصلات کی اہم نشست اور بلوچستان کے شاہراہ منصوبوں کی تکمیل ہنگامی بنیادوں پر کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ اس دوراں چیئرمین نیشنل ہائی وے اتھارٹی اور وفاقی سیکرٹری مواصلات بھی موجود تھے۔ وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے کوئٹہ، ژوب اور ڈیرہ اسماعیل خان قومی شاہراہ کے ڈوئل کیریج وے منصوبے کو انتہائی تیز رفتار بنیادوں پر مکمل کرنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ گورنر بلوچستان نے اس پیش رفت کو صوبے کی ترقی اور قومی معیشت کیلئے ایک اہم اور لائقِ تحسین اقدام قرار دیا۔ گورنر جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ اس اہم شاہراہ کی تکمیل سے بلوچستان کے عوام کو ملک کے دیگر صوبوں کی بڑی تجارتی منڈیوں تک تیز، محفوظ اور آسان رسائی حاصل ہوگی جبکہ مسافروں کو جدید سفری سہولیات میسر آئیں گی۔ انہوں نے کہا کہ قومی شاہراہوں کا جدید نیٹ ورک صرف فاصلے کم نہیں کرتا بلکہ تجارت، روزگار اور سرمایہ کاری کے نئے راستے بھی کھولتا ہے۔ گورنر بلوچستان نے وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان کی جانب سے ژوب بائی پاس کی جلد تکمیل کیلئے فوری طور پر فنڈز کا بندوبست کرنے پر ان کا خصوصی شکریہ ادا کیا اور اس اقدام کو بلوچستان بھر کے عوام کیلئے خوش آئند قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ کوئٹہ،ژوب اور ڈیرہ اسماعیل خان ڈوئل کیریج وے کی ہنگامی بنیادوں پر تکمیل کا عوام دوست فیصلہ اور ژوب بائی پاس کیلئے فوری فنڈز کا بندوست اس امر کا مظہر ہے کہ وفاقی سطح پر بلوچستان کی بنیادی ڈھانچے کی ضروریات کو اہمیت دی جا رہی ہے۔ گورنر مندوخیل نے وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان اور ان کی پوری ٹیم کی ذاتی دلچسپی اور عملی اقدامات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ مضبوط مواصلاتی رابطے ہی بلوچستان کو قومی معیشت، خطے کی تجارت اور سینٹرل و جنوبی ایشیا کی بڑی منڈیوں سے موثر طور پر جوڑنے کی بنیاد بن سکتے ہیں۔ گورنر مندوخیل نے امید ظاہر کی کہ ان منصوبوں کی بروقت تکمیل سے بلوچستان میں معاشی سرگرمیوں کو نئی رفتار ملے گی، تجارت کے حجم میں اضافہ ہوگا اور صوبے کے عوام کیلئے ترقی اور خوشحالی کے نئے امکانات پیدا ہونگے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں