لورالائی(خ ن) یومِ آزادی پاکستان کی تقریبات کے سلسلے میں بلوچستان ریزیڈینشل کالج (BRC) لورالائی میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو) لورالائی محمد اسماعیل مینگل، اسسٹنٹ کمشنر بوری ندیم اکرم، ایس ڈی پی او محمد اکبر، وائس چانسلر یونیورسٹی آف لورالائی احسان اللہ اور دیگر معززین، اساتذہ و طلبہ نے شرکت کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو) محمد اسماعیل مینگل نے کہا کہ 14 اگست ہمارے لیے محض ایک قومی دن نہیں بلکہ آزادی کی قدر، قربانیوں کی یاد اور پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے عزم کی تجدید کا دن ہے۔ پاکستان ہمارے بزرگوں کی بے مثال قربانیوں، جدوجہد اور قائداعظم محمد علی جناح کی مدبرانہ قیادت کے نتیجے میں وجود میں آیا۔انہوں نے کہا کہ آج کی نوجوان نسل ملک کا مستقبل ہے اور طلبہ کو چاہیے کہ وہ اپنی تمام تر توجہ تعلیم، کردار سازی، نظم و ضبط اور مثبت سوچ پر مرکوز کریں۔ ایک مضبوط، ترقی یافتہ اور خوشحال پاکستان کے لیے ضروری ہے کہ ہم اپنی ذمہ داریاں دیانت داری، محنت اور قومی جذبے کے ساتھ ادا کریں انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی ترقی صرف حکومت کی ذمہ داری نہیں بلکہ معاشرے کے ہر فرد کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ ہمیں اختلافات سے بالاتر ہو کر قومی یکجہتی، بھائی چارے، رواداری اور قانون کی پاسداری کو فروغ دینا ہوگا۔ بلوچستان کے نوجوان بالخصوص تعلیم، ٹیکنالوجی، تحقیق اور مثبت سرگرمیوں کے ذریعے ملک کی تعمیر و ترقی میں نمایاں کردار ادا کر سکتے ہیں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ آزادی کی نعمت کو سمجھیں اور اپنے کردار و عمل سے پاکستان کو مضبوط بنانے میں حصہ لیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں ایسا پاکستان تشکیل دینا ہے جہاں تعلیم میرٹ، انصاف، امن اور ترقی ہر شہری کے لیے بنیادی ترجیحات ہوں۔تقریب کے اختتام پر ملک کی سلامتی، ترقی، خوشحالی اور قومی یکجہتی کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔ شرکاءنے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ پاکستان کی ترقی، استحکام اور خوشحالی کے لیے اپنی ذمہ داریاں بھرپور انداز میں ادا کریں گے۔
نوجوان نسل ملک کا مستقبل ہے، محمد اسماعیل مینگل
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل