گنداخہ ( نامہ نگار ) عوامی مسائل کے فوری حل اور شہریوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے تحصیل گنداخہ میں ڈپٹی کمشنر اوستہ محمد محمد رمضان پلال کی زیرِ نگرانی گورنمنٹ ہائیر سیکنڈری اسکول گنداخہ میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا، جس میں شہریوں، علاقائی عمائدین اور مختلف محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ اس موقع پر عوام نے پینے کے صاف پانی کی عدم دستیابی، سڑکوں کی خستہ حالی، امن و امان کی صورتحال، زرعی پانی کی قلت، بجلی کی عدم فراہمی اور دیگر بنیادی مسائل سے ڈپٹی کمشنر کو آگاہ کیا، جن کے حل کے لیے متعلقہ محکموں کے افسران کو موقع پر ضروری احکامات جاری کیے گئے۔تفصیلات کے مطابق کھلی کچہری میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر محمد اسماعیل لاشاری، اسسٹنٹ کمشنر ماریہ شمعون، چیئرمین میونسپل کمیٹی گنداخہ ڈاکٹر جاوید اختر جمالی، ڈی ایس پی سرکل گنداخہ محمد علی جمالی، ڈی ایچ او امیر علی جمالی، ایس ایچ او گنداخہ نواب علی جمالی سمیت مختلف سرکاری محکموں کے افسران، علاقائی عمائدین اور شہریوں نے شرکت کی۔کھلی کچہری کے دوران شہریوں نے اپنے درپیش مسائل تفصیل سے بیان کرتے ہوئے کہا کہ علاقے میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی، سڑکوں کی تعمیر و مرمت، زرعی پانی کی منصفانہ تقسیم، بجلی کی فراہمی اور امن و امان کی بہتری کے لیے مو¿ثر اقدامات کی ضرورت ہے۔ عوام نے مطالبہ کیا کہ بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں تاکہ شہریوں کو درپیش مشکلات کا ازالہ ممکن ہو سکے۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر محمد رمضان پلال نے عوامی شکایات اور مسائل کا تفصیلی جائزہ لیتے ہوئے متعلقہ محکموں کے افسران کو متعدد مسائل کے حل کے لیے موقع پر ہی ضروری ہدایات جاری کیں، جبکہ دیگر مسائل کے حل کے لیے اعلیٰ حکام سے رابطہ کرنے اور مو¿ثر اقدامات اٹھانے کی یقین دہانی کرائی۔ڈپٹی کمشنر نے افسران کو ہدایت کی کہ عوامی مسائل کے حل کو اولین ترجیح دی جائے، شہریوں کی شکایات پر فوری توجہ دی جائے اور اپنے فرائض ذمہ داری، دیانت داری اور پیشہ ورانہ انداز میں انجام دیتے ہوئے عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے،کھلی کچہری کا مقصد عوام اور انتظامیہ کے درمیان رابطے کو مضبوط بنانا، شہریوں کو براہِ راست اپنے مسائل پیش کرنے کا موقع فراہم کرنا اور سرکاری محکموں کی کارکردگی کو مزید مو¿ثر بنانا تھا۔
گنداخہ میں ڈپٹی کمشنر محمد رمضان پلال کی زیرِ صدارت کھلی کچہری
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل