وزیر داخلہ بلوچستان اور تاجربرادری کے مذاکرات، مسائل کے حل کے لیے مشترکہ کوششوں پر اتفاق

کوئٹہ۔۔۔۔۔صوبائی وزیر داخلہ بلوچستان میر ضیا اللہ لانگو سے انجمن تاجران بلوچستان کے مرکزی صدر عبدالرحیم آغا کی قیادت میں تاجربرادری کے وفد نے ملاقات کی اور مختلف مسائل پر مذاکرات کیے۔ملاقات میں معاون خصوصی برائے محکمہ داخلہ بابر یوسفزئی، ڈپٹی کمشنر کوئٹہ سمیت دیگر حکام بھی شریک ہوئے۔ اس موقع پر تاجربرادری نے بلوچستان کی قومی شاہراہوں پر ٹرکوں اور بوزروں کو جلانے کے واقعات سمیت میٹروپولیٹن کارپوریشن سے متعلق اپنے تحفظات سے آگاہ کیا۔وزیر داخلہ میر ضیا اللہ لانگو نے کہا کہ احتجاج ہر شہری کا جمہوری حق ہے، تاہم مسائل کے حل کے لیے حکومت اپنی ذمہ داری پوری کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ تاجربرادری کے تمام جائز مسائل کے حل کے لیے بھرپور کوششیں کی جائیں گی۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں دہشت گردی کے واقعات میں افغانستان کی سرزمین کے استعمال کے شواہد موجود ہیں، جبکہ معصوم بے گناہ نوجوانوں اور خواتین کو نشانہ بنانا بلوچستان کی روایات کے خلاف ہے۔میر ضیا اللہ لانگو نے کہا کہ چند عناصر دشمن ملک کے ایما پر صوبے میں بدامنی پھیلانے کی کوشش کر رہے ہیں، جبکہ قومی شاہراہوں کو محفوظ بنانے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ تاجربرادری حکومت کا حصہ ہے اور حکومت ان کے ساتھ مکمل تعاون کے لیے تیار ہے۔ مذاکرات میں فیصلہ کیا گیا کہ مسائل کے حل کے لیے دوبارہ ملاقات کی جائے گی اور معاملات کو بات چیت کے ذریعے حل کرنے کی کوشش کی جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں