تمام ضلعی انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے ادارے باہمی رابطے کو مزید مضبوط بنائیں، اسداللہ فیض

سیوی(خ ن)کمشنر سیوی ڈویژن اسداللہ فیض کی زیرِ صدارت ڈویژنل کوآرڈینیشن کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں ڈی آئی جی پی سیوی رینج پرویز احمد عمرانی، ڈپٹی کمشنر سیوی میجر (ر) الیاس کبزئی، ڈپٹی کمشنر کچھی ممتاز علی کھیتران، ایس ایس پی سبی عبدالحمید سمیت قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران نے شرکت کی، جبکہ ڈپٹی کمشنر ڈیرہ بگٹی اور دیگر متعلقہ افسران نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔اجلاس میں تین اہم ایجنڈا نکات پر تفصیلی غور کیا گیا، جن میں پروونشل ایکشن پلان (Provincial Action Plan)، امن و امان کی مجموعی صورتحال (General Law & Order) اور قومی شاہراہ N-65 پر کمبڑی پل کے مقام پر پیش آنے والے چوری و ڈکیتی کے واقعات کی روک تھام شامل تھے۔ ڈی آئی جی پی سیوی رینج پرویز احمد عمرانی نے اجلاس کو پروونشل ایکشن پلان پر عملدرآمد، سکیورٹی انتظامات، سنیپ چیکنگ، پولیس چوکیوں کی کارکردگی اور مختلف اضلاع میں امن و امان کی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی۔ اس موقع پر ضلع کچھی اور ضلع ڈیرہ بگٹی کی سکیورٹی صورتحال اور وہاں کیے جانے والے اقدامات سے بھی شرکاءکو آگاہ کیا گیا۔ اجلاس میں قومی شاہراہ N-65 پر واقع کمبڑی پل کے مقام پر چوری اور ڈکیتی کے بڑھتے ہوئے واقعات پر خصوصی غور کیا گیا۔ شرکاءنے اس مسئلے کے مستقل حل کے لیے مختلف تجاویز پیش کیں۔ اس موقع پر فیصلہ کیا گیا کہ مذکورہ علاقے میں جرائم کے مو¿ثر تدارک کے لیے جامع سکیورٹی پلان مرتب کیا جائے گا، جس کے تحت حساس مقامات پر پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی موجودگی بڑھائی جائے گی، سنیپ چیکنگ کو مزید مو¿ثر بنایا جائے گا، جبکہ ضرورت کے مطابق نئی چیک پوسٹوں کے قیام اور موجودہ چیک پوسٹوں کو فعال بنانے سمیت دیگر حفاظتی اقدامات بھی کیے جائیں گے تاکہ شاہراہ استعمال کرنے والے مسافروں کو محفوظ سفری ماحول فراہم کیا جا سکے۔ کمشنر سیوی ڈویڑن اسداللہ فیض نے ہدایت کی کہ تمام ضلعی انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے ادارے باہمی رابطے کو مزید مضبوط بنائیں، انٹیلی جنس معلومات کا بروقت تبادلہ یقینی بنائیں اور موجودہ حالات کے پیش نظر ہر وقت الرٹ رہتے ہوئے عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے مو¿ثر اور مربوط اقدامات جاری رکھیں۔ اجلاس کے اختتام پر اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ سیوی ڈویژن میں امن و امان کے قیام، قومی شاہراہوں کی سکیورٹی اور جرائم کے خاتمے کے لیے تمام متعلقہ ادارے مکمل ہم آہنگی اور مربوط حکمت عملی کے تحت اپنی ذمہ داریاں انجام دیتے رہیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں