دہانہ سر:مسافر بس حادثہ ایک عظیم اور قومی سانحہ ہے: میر علی حسن زہری
اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر مرکزی رہنما ، ترجمان صدر آصف علی زرداری و سینئر صوبائی نائب صدر پی پی پی بلوچستان میر علی حسن زہری نے خیبر پختونخوا اور بلوچستان کی سرحدی حدود میں واقع دہانہ سر کے مقام پر پیش آنے والے المناک مسافر بس حادثے پر گہرے دکھ افسوس اور رنج کا اظہار کرتے ہوئے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع کو ایک عظیم قومی سانحہ قرار دیا ہے۔ اپنے تعزیتی بیان میں میر علی حسن زہری نے کہا کہ اس اندوہناک حادثے نے پوری قوم کو سوگوار کر دیا ہے اور ہر دردِ دل رکھنے والی آنکھ اشکبار ہے۔ معصوم اور بے گناہ شہریوں کی جانوں کا اس طرح ضائع ہونا انتہائی افسوسناک اور ناقابلِ تلافی نقصان ہے جس کا دکھ الفاظ میں بیان نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت اور کارکنان اس غم کی گھڑی میں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ برابر کے شریک ہیں اور ان کے دکھ کو اپنا دکھ سمجھتے ہیں۔ میر علی حسن زہری نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ تمام مرحومین ک و جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام اور سوگوار خاندانوں کو صبرِ جمیل اور حوصلہ عطا کرے اور جبکہ حادثے میں زخمی ہونے والے تمام افراد کو جلد از جلد مکمل صحت یابی نصیب فرمائے۔ انہوں نے حادثے کے فوراً بعد ریسکیو اہلکاروں، ضلعی انتظامیہ اور طبی عملے کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے نازک مواقع پر بروقت کارروائی قیمتی جانوں کو بچانے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ زخمیوں کو علاج کی بہترین سہولیات فراہم کی جائیں گی اور متاثرہ خاندانوں کی ہر ممکن مالی، طبی اور انتظامی معاونت کو یقینی بنایا جائے گا۔ میر علی حسن زہری نے زور دیا کہ اس افسوسناک حادثے کی وجوہات کا مکمل، شفاف، غیرجانبدار اور جامع جائزہ لینا وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ مستقبل میں ایسے المناک واقعات کی روک تھام کے لیے مو¿ثر دیرپا اور قابلِ عمل اقدامات کیے جا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی جان و مال کا تحفظ ریاست اور متعلقہ اداروں کی اولین ذمہ داری ہے، اس لیے شاہراہوں پر سفری تحفظ کو مزید مضبوط بنانے کے لیے فوری اور مو¿ثر حکمتِ عملی اختیار کی جانی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ہمیشہ عوام کے دکھ درد میں ان کے شانہ بشانہ کھڑی رہی ہے اور آئندہ بھی ہر مشکل گھڑی میں متاثرہ خاندانوں کا ساتھ دیتی رہے گی۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ وطنِ عزیز کو ایسے دلخراش سانحات سے محفوظ رکھے اور پوری قوم کو سلامتی، امن اور استحکام کی نعمتوں سے سرفراز فرمائے۔