وزیراعظم کا قوم کی خدمت، پاکستان کی ترقی،عالم میں اعلی مقام دلانے کا عزم

اسلام آباد۔۔۔۔۔۔۔وزیراعظم محمد شہباز شریف نے قوم کی خدمت، پاکستان کی ترقی اوراسے اقوام عالم میں اعلی مقام دلانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ شبانہ روز محنت، مستعدی اور اجتماعی کاوشوں کے ذریعے ملک کی ترقی و خوشحالی کی منزل کا حصول ممکن ہے، کشمیر چوک انڈر پاس منصوبہ 27 روز میں مکمل کرنا غیر معمولی کارنامہ ہے، منصوبے کی تکمیل سے علاقے میں ٹریفک کے مسائل حل کرنے میں مدد ملے گی، یہ منصوبہ آئندہ سال ایس سی او کانفرنس اور دیگر اہم تقریبات کے لئے تیاریوں کا عملی ثبوت ہے۔۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو یہاں کشمیر چوک انڈر پاس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ آج کشمیر چوک انڈر پاس کا افتتاح کیا گیا ہے تاہم یہ منصوبہ محض 500 میٹر طویل انڈر پاس تک محدود نہیں بلکہ اس کے گرد چار کلومیٹر طویل سڑکوں کا جال بھی تعمیر کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ کشمیر، جنت نظیر کی مناسبت سے یہاں دو یادگاریں بھی تعمیر کی گئی ہیں اور ہزاروں نئے پودے بھی لگائے گئے ہیں، یہ تمام کام صرف 27 روز میں مکمل کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ انہیں یاد نہیں کہ اس قدر برق رفتاری سے پہلے کوئی منصوبہ مکمل کیا گیا ہو۔ وزیراعظم نے اس غیر معمولی کارکردگی پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی، چیئرمین سی ڈی اے، کنٹریکٹر اور تمام متعلقہ افسران و اہلکاروں کو مبارکباد دی جنہوں نے شبانہ روز محنت کرکے یہ کارنامہ انجام دیا۔وزیراعظم نے کہا کہ شہر کی خوبصورتی اور ٹریفک کے نظام کو بہتر بنانا ہماری ذمہ داری ہے، اس منصوبے سے علاقے میں ٹریفک کے مسائل حل کرنے میں بہت مدد ملے گی، اگلے سال ایس سی او کانفرنس منعقد ہوگی جس میں ہزاروں مہمان اسلام آباد آئیں گے، اس تناظر میں مہمان نوازی کا تقاضا ہے کہ نہ صرف دارالحکومت میں ٹریفک کے مسائل نہ ہوں بلکہ شہر کو خوبصورت بنانے میں بھی کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے تاکہ اسلام آباد کی خوبصورتی اور خوشبو اس کے گردونواح کے تمام علاقوں تک پھیلے اور پاکستان کے نام کو مزید چار چاند لگیں۔انہوں نے کہا کہ منصوبے کی انتہائی مختصر مدت میں تکمیل اس بات کا ثبوت ہے کہ متعلقہ ٹیم نے ایس سی او کانفرنس اور آئندہ سال اسلام آباد میں ہونے والی دیگر تقریبات کے لئے بھرپور تیاریوں کا نہ صرف عندیہ دیا ہے بلکہ اپنی کارکردگی سے اسے ثابت بھی کیا ہے۔وزیراعظم نے منصوبے کی شفافیت کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ کشمیر چوک انڈرپاس منصوبہ ایک ارب 45 کروڑ روپے کی لاگت سے مکمل کیا گیا ہے اور شفاف پروکیورمنٹ نظام اور ای پیڈز کے ذریعے ٹھیکہ تخمینہ لاگت سے تقریبا اڑھائی فیصد کم پر دیا گیا۔انہوں نے منصوبے کی تکمیل میں محنت، شفافیت اور ذمہ داری کا مظاہرہ کرنے والے تمام متعلقہ افراد کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے ان کا دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کیا۔وزیراعظم نے دعا کی کہ اللہ تعالی ہم سب کو یہ توفیق اور ہمت عطا فرمائے کہ ہم ایک ٹیم کی حیثیت سے پاکستان کی شبانہ روز خدمت کریں اور ملک کو اقوام عالم میں ایک عظیم مقام دلائیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ ہدف ممکن ہے، اگرچہ مشکل ضرور ہے لیکن ناممکن نہیں، ان شا اللہ اگر تمام معاملات اسی رفتار سے آگے بڑھتے رہے تو دنیا کی کوئی طاقت پاکستان کی ترقی کی رفتار کو نہیں روک سکے گی۔ قبل ازیں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر چوک انڈر پاس کا منصوبہ معیاری کام کے ساتھ 27 روز میں مکمل کیا گیا ہے، منصوبے کی تکمیل میں تیزی کے ساتھ ساتھ تعمیراتی معیار برقرار رکھنا اولین ترجیح تھی۔ انہوں نے کہا کہ منصوبے کے دوران پرانے درخت محفوظ کر کے دوسری جگہ منتقل کئے گئے اور کشمیر چوک منصوبے کے تحت 6340 نئے سایہ دار درخت لگائے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کو مزید سرسبز بنانے کیلئے درختوں کی تعداد میں کئی گنا اضافہ کریں گے، وفاقی دارالحکومت میں سفاری پارک کے قیام کے لئے بین الاقوامی کنسٹلنٹ کی خدمات حاصل کر لی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے ون کانسٹیٹیوشن ایونیو معاملے پر مکمل تعاون اور حمایت کی یقین دہانی کرائی تھی، وفاقی کابینہ نے ون کانسٹیٹیوشن ایونیو کی جے آئی ٹی رپورٹ کی منظوری دیدی ہے، اربوں روپے مالیت کی ون کانسٹیٹیوشن ایونیو کی جائیداد سی ڈی اے کو واپس ملی ہے، ون کانسٹیٹیوشن کی عمارت کو اصل مقصد کے مطابق فائیو سٹار ہوٹل میں تبدیل کیا جائے گا۔ قبل ازیں وزیراعظم کو منصوبے سے متعلق بریفنگ میں بتایا گیا کہ انڈر پاس سے اسلام آباد، راولپنڈی، مری اور آزاد کشمیر کے درمیان ٹریفک کی روانی میں آسانی ہوگی۔ یہ منصوبہ ایک ارب 45 کروڑ روپے کی لاگت سے مکمل کیا گیا ہے، منصوبے میں تقریبا 4 کلو میٹر سڑکوں کا نیٹ ورک بھی شامل ہے۔ کشمیر چوک انڈر پاس سے مصروف شاہراؤں پر ٹریفک کا دباؤ کم کرنے میں مدد ملے گی۔کشمیر چوک منصوبے کے تحت 6340 نئے سایہ دار درخت لگائے گئے ہیں، منصوبے کے اطراف کشمیر کی مناسبت سے دو خوبصورت مانومنٹس بھی تعمیر کئے گئے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں