اسلام آباد:وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ نے خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی کے دوران انتظامی امور کی انجام دہی اور گورننس کی بہتری کےلئے وزیراعلی کو تفویض شدہ اختیارات گورنر خیبرپختونخوا کو منتقل کرنے کی منظوری دے دی ہے۔وفاقی کابینہ کے فیصلے کے مطابق گورنر خیبرپختونخوا صوبے میں ایمرجنسی کی مدت کے دوران روزمرہ کے انتظامی امور کی انجام دہی کے لیے ان اختیارات کو استعمال کریں گے اور اس حوالے سے ہر ماہ وفاقی حکومت کو جائزہ رپورٹ پیش کریں گے۔وفاقی کابینہ نے امید ظاہر کی کہ خیبرپختونخوا ایڈوائزری کونسل گورنر کی قیادت میں صوبے کے عوام کی بہتری، خوشحالی اور امن و امان کے قیام کےلئے بھرپور کوششیں یقینی بنائے گی۔وفاقی کابینہ نے پاکستان اور کویت کے درمیان دفاعی تعاون کے معاہدے کی بھی توثیق کر دی۔ پاکستان اور کویت کے درمیان یہ معاہدہ 11جون 2023ءکو طے پایا تھا جس کا مقصد دونوں برادر ممالک کے درمیان دفاعی شعبوں میں تعاون کو فروغ دینا ہے۔ کویتی حکومت 19جولائی کو اس معاہدے کی توثیق کر چکی ہے۔کابینہ نے وزارت خزانہ کی سفارش پر نئے کرنسی نوٹوں کے ڈیزائن کی منظوری بھی دے دی۔ اجلاس کو نئے کرنسی نوٹوں کے ڈیزائن کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی، جس میں بتایا گیا کہ اس مقصد کےلئے ملک بھر کے مصوروں اور ڈیزائنرز سے تجاویز طلب کی گئی تھیں جبکہ وزیراعظم کی قائم کردہ کابینہ کمیٹی نے تمام متعلقہ اسٹیک ہولڈرز سے تفصیلی مشاورت کی۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ جعلی کرنسی نوٹوں کی روک تھام کے لیے نئے نوٹوں میں سکیورٹی فیچرز کو مزید بہتر بنایا جائے گا اور جدید میٹریل استعمال کیا جائے گا، جس سے نوٹوں کی استعمال کی مدت میں بھی اضافہ ہوگا۔ وفاقی کابینہ نے 10روپے کے بینک نوٹ کی جگہ 10روپے کا سکہ متعارف کرانے کی بھی منظوری دے دی۔اجلاس میں کابینہ کمیٹی برائے حکومتی ملکیتی اداروں کے 26اکتوبر کو ہونے والے اجلاس میں کیے گئے فیصلوں کی توثیق کی گئی جبکہ کابینہ کمیٹی برائے قانون سازی کے 22جنوری، 26فروری، 5، 18اور 27اگست اور 11و 22ستمبر کو ہونے والے اجلاسوں کے فیصلوں کی بھی توثیق کر دی گئی۔
وفاقی کابینہ نے 10روپے کا سکہ متعارف اورنئے کرنسی نوٹوں کے ڈیزائن کی منظوری دےدی
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل