زیارت +لورالائی+موسیٰ خیل ۔۔۔۔۔ پشتونخواملی عوامی پارٹی کے مرکزی جنرل سیکرٹری عبدالرحیم زیارتوال ، صوبائی جنرل سیکرٹری کبیر افغان ، ضلع سیکرٹری لورالائی صفدر میختر وال ، ضلع سینئر معاون سیکرٹری زیارت لطیف خان اور ظاہر خان نے پارٹی ضلع لورالائی ،ضلع زیارت کے ضلع کمیٹیوں اور موسیٰ خیل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صوبے میں جاری بدامنی ، دہشت گردی کی صورتحال ہمارے عوام کی وسائل پر قبضہ گیری کی جاری ہے ۔ مسلط فارم47کی حکومت کی جانب سے ہمارے عوام کی زمینوں کی الاٹمنٹس، جنگلات کے انتقالات کیئے جارہے ہیں، مصنوعی دہشت گردی کے ذریعے ہر علاقے سے لوگوں کو نقل مکانی پر مجبور کرنے اور وہاں پر قبضہ کیا جارہا ہے ۔ حکومتی سطح پر جاری پراکسیز سے عوام آگاہ ہیںان پراکسیز کا خاتمہ کرنا ہوگا اور عوام کے سرومال کو تحفظ دینا ہوگا۔ آج صورتحال یہ ہے کہ لوگ اپنے گھروں میں محفوظ نہیں رہے ، چوری ،ڈکیتی ، اغواءکاری ، قتل وغارت گیری ، لوٹ مار، بھتہ خوری میں ملوث مسلح جتھوں کو کھلی چھوٹ دی گئی ہے ۔ بین الصوبائی ، بین الاقومی شاہراہیں مکمل طور پر غیر محفوظ ہوچکے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ تنگ مسے زئی ضلع قلعہ عبداللہ کا واقعہ کے ملوث ملزمان کو اب تک گرفتار نہیں کیا جاسکا ہے اور نہ ہی مغوی کی بازیابی یقینی بنائی گئی ہے ۔ گزشتہ دنوں ضلع قلعہ سیف اللہ میں پارٹی کے ضلع ایگزیکٹیورکن نوابزادہ سکندر خان جوگیزئی پر دستی بم حملہ ہوا جس میں وہ پارٹی رکن عبدالرحمن کمال الدین زئی ان کے ہمراہ زخمی ہوئے۔ پارٹی اس واقعہ کی سخت الفاظ میں مذمت کرتی ہے اور مطالبہ کرتی ہے کہ حکومت عوام کے سرومال کی تحفظ کو یقینی بنائیں ۔ انہوں نے کہا کہ پشتونخوامیپ کے چیئرمین ،تحریک تحفظ آئین پاکستان کے سربراہ اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف محمود خان اچکزئی کی قیادت میں پارٹی ملک میں آئین کی بحالی وبالادستی ،جمہورکی حکمرانی ، پارلیمنٹ کی خودمختاری ، ملک کو قوموں کی برابری کا حقیقی فیڈریشن بنانے اور ملک کے تمام اداروں کا آئین کے متعین کردہ دائرہ کار میں اپنے فرائض کی انجام دہی کی جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں ۔ محمود خان اچکزئی اس وقت ملک کے جمہوری صف کے عظیم رہنماءبن چکے ہیں اور ان کی جدوجہدتمام سیاسی جمہوری کارکنوں اور عوام کے لیے مشعل راہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج ملک کو آئینی ، سیاسی ، معاشی ، جمہوری ، معاشرتی اور اخلاقی بحرانوں کا سامنا ہے ۔ ان تمام ہمہ جہت بحرانوں کی وجہ سیاسی عدم استحکام ہے۔ ملک اندورنی طوپر بدامنی ، بدانتظامی اور انتشار سے دوچار ہیں اور خارجی طور پر ملک کو تنہائی کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔ اسی طرح کرپشن وکمیشن اور پرسنٹ کی صورتحال نے ملک کے اداروں کو مفلوج بنادیا ہے ، بدترین کرپشن ،سخت ترین مہنگائی اور بیروزگاری کی صورتحال نے عوام کا جینا دوبھر کردیا ہے اور عوام اس وقت بجلی ، گیس ، پینے کے صاف پانی ، تعلیم اور صحت کے بنیادی سہولیات سے مکمل طو ر پر محروم ہوتے جارہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کے عہدیداروں اور کارکنوں نے اپنی ذمہ داریوں کا احساس کرتے ہوئے اپنی تنظیمی فعالیت کو دوبالا کرنا ہوگا اور عوام کے مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن اقدامات کرنے ہوں گے ۔ انہوں نے ضلعی تنظیموں کو ہدایت کی کہ وہ ضلعی جرگوں کے انعقاد کے لیے اپنی مکمل تیاریاں شروع کریں اور زندگی کے ہر مکتبہ فکر کے سرکردہ نمائندگان، قبائلی مشران کو جرگہ میں شرکت کی دعوت دیں اور یہی جرگہ ہمارے وطن اور عوام کو درپیش صورتحال سے نجات کا ذریعہ بنے گی۔
بدترین کرپشن ،سخت ترین مہنگائی اور بیروزگاری کی صورتحال نے عوام کا جینا دوبھر کردیا ،پشتونخوامیپ
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل