لسبیلہ: پارلیمانی سیکرٹری سیاحت و ثقافت وقانونی امور بلوچستان نوابزادہ زرین خان مگسی نے کہا ہیکہ وزیراعلی بلوچستان میر سرفرازبگٹی اوروفاقی وزیر تجارت جام کمال خان عالیانی کی کوششوں سے صوبے میں صنعتی شعبےو تجارتی سرگرمیوں کے فروغ کیلئے اقدامات جاری ہیں، تجارتی سرگرمیوں کے فروغ سےصوبے میں ترقی کانیادورشروع ہوگا،ضلع لسبیلہ اورحب میں ترقیاتی منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے جلد مزید ترقیاتی منصوبوں کا بھی آغاز کیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایم پی اے ہاسٹل کوئٹہ میں لسبیلہ کے مختلف علاقوں سے آئے ہوئے عمائدین، سیاسی و سماجی شخصیات اور عوامی وفود سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر وفود نے اپنے اپنے علاقوں کو درپیش مسائل، ترقیاتی کاموں، بنیادی سہولیات اور دیگر عوامی امور سے متعلق پارلیمانی سیکرٹری کو آگاہ کیا۔نوابزادہ میر زرین خان مگسی نے کہا کہ موجودہ حکومت عوامی مسائل کے حل اور علاقے کی ترقی کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ سڑکوں، پینے کے صاف پانی، تعلیم، صحت اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے مختلف منصوبوں پر کام جاری ہے جبکہ مزید ترقیاتی اسکیمیں بھی جلد شروع کی جائیں گی۔انہوں نے کہا کہ عوام نے جس اعتماد کا اظہار کیا ہے، اس پر پورا اترنا ان کی ذمہ داری ہے اور وہ عوامی خدمت کے جذبے کے تحت اپنے حلقے کے مسائل کے حل کے لیے مسلسل کوشاں ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلی میر سرفرازبگٹی کی قیادت میں صوبائی حکومت صوبے کے تمام علاقوں کی یکساں بنیادوں پر ترقی کیلئے کوشاں ہے اور کسی بھی علاقے کو ترقی کے عمل سے محروم نہیں رکھا جائے گا اور تمام علاقوں میں بلاامتیاز ترقیاتی کاموں کو یقینی بنایا جائے گا۔اس موقع پر مختلف وفود نے نوابزادہ میر زرین خان مگسی کی عوامی خدمات کو سراہتے ہوئے اپنے مسائل کے حل کے لیے تجاویز پیش کیں۔پارلیمانی سیکرٹری نے وفود کو یقین دلایا کہ عوامی مسائل کے حل اور علاقے کی ترقی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے اور عوامی خدمت کا سلسلہ مزید تیزی سے جاری رکھا جائے گا۔
صوبائی حکومت صوبے کے تمام علاقوں کی یکساں بنیادوں پر ترقی کیلئے کوشاں ہے،نوابزادہ زرین مگسی
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل