وفاقی حکومت کشمیری بھائیوں کی ترقی اور خوشحالی کےلئے تمام اقدامات جاری رکھے گی، وزیراعظم

اسلام آباد ۔۔۔۔۔وزیراعظم محمد شہباز شریف سے آزاد جموں و کشمیر کے نو منتخب وزیراعظم سید افتخار علی گیلانی نے ملاقات کی۔ وزیراعظم نے سید افتخار علی گیلانی کو وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ملاقات میں آزاد جموں و کشمیر کے امن، ترقی اور خطے میں جاری فلاحی منصوبوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ آزاد کشمیر کے عوام کی فلاح و بہبود کے لیے حکومت پاکستان، حکومت آزاد جموں و کشمیر کے ساتھ بھرپور تعاون کرتی رہے گی۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وفاقی حکومت کشمیری بھائیوں کی ترقی اور خوشحالی کے لیے تمام اقدامات جاری رکھے گی۔آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم سید افتخار علی گیلانی نے وزیراعظم پاکستان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ خطے کی ترقی اور عوام کی فلاح و بہبود کے لیے اپنی تمام صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے۔ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور طارق فضل چوہدری اور وزیراعظم کے مشیر رانا ثنا اللہ بھی شریک تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں