لاہور۔۔۔۔۔۔وزیراعظم شہبازشریف نے ملکی معیشت کو تقویت دینے کے لیے اصلاحات پر ایکسپورٹ ڈویلپمنٹ فنڈ کی ٹیم کی پزیرائی کرتے ہوئے کہاہے کہ 3 ارب روپے کا رسک پول بالخصوص چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کے لیے ایکسپورٹ کریڈٹ انشورنس تک رسائی کو وسعت دیتا ہے،اس فیصلے سے کاروباری برادری کو برآمدات کا حجم بڑھانے میں سہولت ملے گی،یہ ملک میں چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کے فروغ کےلئے انتہائی خوش آئند اقدام ہے۔وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت ایکسپورٹ ڈویلپمنٹ فنڈ کے حوالے سے اجلاس ہوا جس میں وزیراعظم نے ایکسپورٹ ڈویلپمنٹ فنڈ اور ایکسپورٹ امپورٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے بالخصوص چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں (SMEs) کےلئے برآمدی انشورنس کوریج فراہم کرنے کا خیرمقدم کیا ۔ وزیر اعظم نے کہاکہ 3 ارب روپے کا رسک پول بالخصوص چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں (SMEs) کے لیے ایکسپورٹ کریڈٹ انشورنس تک رسائی کو وسعت دیتا ہے،اس فیصلے سے کاروباری برادری کو برآمدات کا حجم بڑھانے میں سہولت ملے گی، ملک میں چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کے فروغ کے لیے یہ انتہائی خوش آئند اقدام ہے۔وزیراعظم نے ملکی معیشت کو تقویت دینے کے لیے اصلاحات پر ایکسپورٹ ڈویلپمنٹ فنڈ کی ٹیم کی پزیرائی کی اور کہاکہ تنظیم نو اور اصلاحات کے بعد ای ڈی ایف کی قیادت نجی شعبے کے ماہرین کے سپرد کر دی گئی ہے۔ شہبازشریف نے کہاکہ ای ڈی ایف کے پاس موجود تمام سرمایہ کاروباری برادری کی سہولت کے لیے بروئے کار لایا جا رہا ہے۔وزیراعظم نے کہاکہ یہ اقدامات حکومت پاکستان کے ملکی معیشت کو فروغ دینے اور برآمدات میں اضافے کے عزم کے عکاس ہیں،ان اقدامات کے ذریعے پاکستان عالمی سطح پر سرمایہ کاری کا مرکز بنے گا۔ انہوںنے کہاکہ یہ تمام اقدامات برآمدات پر مبنی معیشت کو فروغ دینے کے عزم کی تکمیل کے لیے لیے جا رہے ہیں۔اجلاس میں وزیراعظم کو ای ڈی ایف کی تنظیم نو اور اصلاحات کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ بتایاگیاکہ ای ڈی ایف کے پاس موجود 24 ارب روپے مکمل طور پر کاروباری برادری کی سہولت کے لیے سرمایہ کاری کے لیے مختص کر دیے گئے ہیں، مزید انفراسٹرکچر کی مد میں کسی قسم کا خرچہ نہیں کیا جائے گا۔ بتایاگیاکہ ای ڈی ایف میں ملکی معیشت کی ترقی اور کاروباری برادری کی سہولت کے لیے تحقیق، اسکلز ڈویلپمنٹ اور مسابقت میں اضافے کے اقدامات کیے جا رہے ہیں، پاکستان کی یورپی مارکیٹ تک رسائی کے لیے خصوصی مراعاتی تجارتی نظام میں توسیع کے حوالے سے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزرائ محمد اورنگزیب، رانا تنویر حسین، جام کمال خان، احد خان چیمہ، وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی، وزیراعظم کے مشیر ہارون اختر، ای ڈی ایف بورڈ کے چیئرمین عمر سعید اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ افسران شریک تھے۔
وزیراعظم کی ملکی معیشت کو تقویت دینے کے لیے اصلاحات پر ایکسپورٹ ڈویلپمنٹ فنڈ کی ٹیم کی پزیرائی
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل