سورینج کان حادثہ متاثرہ خاندانوں کو ڈیتھ گرانٹ صرف 10 روز میں جاری

کوئٹہ(پ ر) پاکستان یونائیٹڈ ورکرز فیڈریشن بلوچستان کے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق سورینج کان حادثے کے متاثرہ خاندانوں کے لیے ورکرز ویلفیئر فنڈ کی جانب سے تاریخی اقدام اٹھایا گیا ہے۔ ورکرز ویلفیئر فنڈ نے اپنی تاریخ میں پہلی بار کان حادثے میں جاں بحق ہونے والے مزدوروں کے لواحقین کے ڈیتھ گرانٹ کی منظوری اور تقسیم کا تمام عمل صرف دس روز کے مختصر عرصے میں مکمل کرکے ایک نئی مثال قائم کر دی ہے۔اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ اس اقدام سے نہ صرف متاثرہ خاندانوں کو فوری مالی معاونت میسر آئی بلکہ یہ امر بھی ثابت ہوا کہ سرکاری ادارے اور متعلقہ حکام باہمی تعاون سے مزدوروں اور ان کے خاندانوں کو بروقت ریلیف فراہم کرسکتے ہیں۔ ورکرز ویلفیئر فنڈ کی جانب سے ڈیتھ گرانٹ کی منظوری اور چیکس کی فوری تقسیم متاثرہ خاندانوں کے لیے ایک بڑا ریلیف ہے۔ اعلامیہ کے مطابق وفاقی وزیر امیر مقام اور سیکرٹری ورکرز ویلفیئر فنڈ اسلام آباد ذوالفقار علی نے متاثرہ خاندانوں کی دہلیز پر پہنچ کر انہیں ڈیتھ گرانٹ کے چیکس تقسیم کیے، جس پر متاثرہ خاندانوں نے حکام کا شکریہ ادا کیا۔ پاکستان یونائیٹڈ ورکرز فیڈریشن نے کہا کہ اس تمام عمل کو مختصر ترین مدت میں مکمل کرنے میں ممبر گورننگ باڈی ورکرز ویلفیئر فنڈ اسلام آباد، پاکستان یونائیٹڈ ورکرز فیڈریشن کے صوبائی جنرل سیکرٹری پیر محمد کاکڑ اور ان کے ساتھیوں نے اہم اور مو¿ثر کردار ادا کیا۔یونین نے اس اقدام کو مزدور دوست پالیسیوں اور متاثرہ خاندانوں کی فوری داد رسی کی جانب اہم پیش رفت قرار دیتے ہوئے تمام متعلقہ حکام اور ذمہ داران کو خراجِ تحسین پیش کیا۔اعلامیہ میں کہا گیا کہ مزدور ملکی معیشت کی ترقی میں بنیادی کردار ادا کرتے ہیں، اس لیے دورانِ ملازمت حادثات کا شکار ہونے والے مزدوروں کے خاندانوں کی بروقت مالی معاونت ریاستی اداروں کی اہم ذمہ داری ہے۔ سورینج کان حادثے کے متاثرین کے لواحقین کو صرف دس دن میں ڈیتھ گرانٹ کی فراہمی ایک قابلِ تقلید مثال ہے اور امید ہے کہ آئندہ بھی مزدوروں اور ان کے خاندانوں کو اسی رفتار سے ریلیف فراہم کیا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں