انصاف کی فراہمی میں تاخیر بالخصوص غریب اور نادار افراد کیلئے کئی گنا زیادہ مشکلات پیدا کرتی ہے، گورنر

کوئٹہ(خ ن) گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا ہے کہ صوبے کے ایسے شہری جو وکلا کی بھاری فیسیں اور طویل عدالتی کارروائیوں کے اخراجات برداشت نہیں کر سکتے انہیں بروقت اور آسان انصاف فراہم کرنا حکومت کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ اسی مقصد کے تحت صوبائی محتسب کے ادارے کو مزید فعال، موثر اور عوامی مسائل کے حل کا ایک قابلِ اعتماد فورم بنانے کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ ہماری کوشش ہے کہ کوئی بھی غریب یا بے سہارا شہری اپنے جائز حق کے حصول سے محروم نہ رہے اور اسے انصاف کیلئے دربدر نہ ہونا پڑے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہاو¿س میں مختلف سرکاری محکموں کے خلاف موصول ہونے والی عوامی شکایات اور درخواستوں کی ہفتہ وار سماعت کے دوران کیا۔گورنر جعفر خان مندوخیل نے کہا کہ معاشرے کے کمزور اور محروم طبقات کو انصاف کی فراہمی محض ایک انتظامی ضرورت نہیں ھے بلکہ ریاست کی اہم آئینی، اخلاقی اور سماجی ذمہ داری ہے۔ جب عام شہری کو بغیر کسی غیرضروری تاخیر اور مالی بوجھ کے انصاف میسر آئے گا تو سرکاری اداروں پر اس کا اعتماد بھی مضبوط ہوگا۔ مساوی حقوق، سماجی انصاف اور عوامی داد رسی کا موثر نظام ہی ایک ذمہ دار حکومت کی پہچان ہے۔ انہوں نے صوبائی محتسب کو ہدایت کی کہ ادارے کی مجموعی کارکردگی بہتر بنانے، عوامی شکایات کے اندراج، ان کی غیرجانبدارانہ جانچ پڑتال اور بروقت فیصلوں کے نظام کو مزید موثر بنایا جائے۔ انہوں نے اس امر پر بھی زور دیا کہ صوبائی محتسب کا ادارہ شہریوں کیلئے ایسا قابلِ رسائی فورم بنے جہاں انہیں اپنے جائز حقوق کے حصول کیلئے طویل قانونی پیچیدگیوں اور بھاری اخراجات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ گورنر بلوچستان نے کہا کہ کسی بھی سرکاری ادارے کی کارکردگی کا حقیقی پیمانہ اس کی عمارت، وسائل یا انتظامی ڈھانچہ نہیں بلکہ عوام کو فراہم کی جانے والی سہولیات اور ان کے مسائل کے حل میں اس کی سنجیدگی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ انصاف کی فراہمی میں تاخیر بالخصوص غریب اور نادار افراد کیلئے کئی گنا زیادہ مشکلات پیدا کرتی ہے۔ اس لیے ضروری ہے کہ عوامی مسائل کے حل کیلئے سادہ، شفاف اور نتیجہ خیز طریقہ کار اپنایا جائے۔ واضح رہے کہ گورنر ہاو¿س کے شکایات سیل کے تحت منعقد ہونے والی یہ ہفتہ وار سماعت ایک نیم عدالتی فورم، جسے قانونی اصطلاح میں کوائزی کورٹ (Quasi Court) کہا جاتا ہے، کے طور پر کام کرتی ہے۔ اس فورم کے ذریعے مختلف سرکاری محکموں کے خلاف شہریوں کی شکایات کا جائزہ لیکر متعلقہ قوانین اور ضابطوں کی روشنی میں ان کے حل کیلئے اقدامات کیے جاتے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں