ڈپٹی کمشنر خاران کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی کا اجلاس

خاران(خ ن) ڈپٹی کمشنر خاران منیر احمد سومرو کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی (DCC) کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ضلع بھر میں جاری ترقیاتی منصوبوں، بین المحکمہ جاتی امور اور عوامی خدمات کی بہتری سے متعلق مختلف ایجنڈوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر خاران عمر سنان جمالی، ایس پی خاران صدورو لاشاری، ایکسیئن بلڈنگ قاضی بلال احمد، ایکسیئن پبلک ہیلتھ انجینئرنگ حاجی امان اللہ شاہوانی، اسسٹنٹ ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ عبدالرزاق کبدانی، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر شیر احمد بلوچ، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر مختیار احمد ڈومکی، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ٹیچنگ ہسپتال ڈاکٹر مشتاق مہیم، ڈی ایس ایم پی پی ایچ آئی نور احمد کبدانی سمیت تمام متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران بلوچستان اسپیشل ڈویلپمنٹ انیشی ایٹو (BSDI) کے تحت جاری ترقیاتی اسکیموں، واپڈا کے واجبات، ریکوری اور دیگر اہم انتظامی امور پر تفصیلی تبادلہ? خیال کیا گیا۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر خاران منیر احمد سومرو نے کہا کہ BSDI کے تحت جاری ترقیاتی منصوبے عوامی فلاح و بہبود میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں، جن سے بڑی تعداد میں شہری مستفید ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ بھی ایسی منصوبہ بندی کو ترجیح دی جائے گی جس سے زیادہ سے زیادہ عوام کو براہِ راست فائدہ پہنچ سکے۔ڈپٹی کمشنر خاران نے مزید کہا کہ صوبائی وزیر خزانہ میر شعیب جان نوشیروانی، BSDI کے تحت محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کی تمام واٹر سپلائی اسکیموں کو شمسی توانائی (سولر سسٹم) پر منتقل کرنے کے لیے بھرپور کوششیں کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسی وڑن کے تحت صحت، تعلیم اور دیگر عوامی خدمات سے وابستہ شعبوں میں جدید سہولیات کی فراہمی اور ترقیاتی منصوبوں کے ذریعے عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں