سونمیانی وندر(زبیر بلوچ)مصروف ترین شاہراہ میراں پیر روڈ شہریوں کے لیے دردِ سر بن گئی۔ سڑک کی تنگی بڑھتے ہوئے ٹریفک کے دباو¿ اور جگہ جگہ قائم ناجائز تجاوزات نے شہریوں کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔ صبح سے رات گئے تک شاہراہ پر سینکڑوں چھوٹی بڑی گاڑیاں ، مسافر بسیں ، مال بردار ٹرکیں ، رکشے ، موٹر سائیکلیں ، طلبہ و طالبات ، سرکاری ملازمین ، تاجر اور عام شہری سفر کرتے ہیں مگر معمولی سی رکاوٹ پوری سڑک کو ٹریفک جام میں تبدیل کر دیتی ہے۔ کئی برس گزر گئے شاہراہ کی توسیع نہ ہوسکی جس کے باعث حادثات کے خطرات میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ جبکہ اسکول اور کالج کے اوقات میں طلبہ و طالبات خواتین اور بزرگ شہریوں کو سڑک عبور کرنا بھی ایک امتحان بن چکا ہے۔ بعض دکاندار برابر کے ذمہ دار ہیں جنہوں نے اپنی دکانوں کے سامنے مال بردار ٹرکیں کھڑی کرنے غیر قانونی چھاپرے (پتھیارے) قائم کر رکھے ہیں اور سرکاری اراضی پر ناجائز تجاوزات کر کے سڑک کو مزید تنگ کر دیا ہے جس سے ٹریفک کی روانی متاثر ہونے اور پیدل چلنے والوں کے لیے بھی مشکلات بڑھ گئی ہیں۔ متعلقہ ذمہ داروں کی مبینہ خاموشی اور عدم کارروائی کے باعث تجاوزات میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ واضح رہے کہ میراں پیر روڈ وندر کی معاشی شہ رگ کی حیثیت رکھتی ہے لیکن اس کی خستہ صورتحال شہر کی ترقی کی راہ میں بڑی رکاوٹ بنتی جا رہی ہے۔ حکومت وقت ، ڈپٹی کمشنر حب ، میونسپل کمیٹی وندر اور دیگر متعلقہ ذمہ دار فوری نوٹس لیتے ہوئے ناجائز تجاوزات کے خلاف بلاامتیاز آپریشن شروع کریں تنگ سڑک کو کشادہ بنانے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر فنڈز جاری کیے جائیں تاکہ ٹریفک جام اور شہریوں کی مشکلات کا مستقل خاتمہ ممکن ہوسکے۔
مصروف ترین شاہراہ میراں پیر روڈ شہریوں کے لیے دردِ سر بن گئی
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل