عوام کو معیاری اور بروقت طبی سہولیات کی فراہمی انتظامیہ کی اولین ذمہ داری ہے، برکت علی

تمپ(خ ن)ڈسٹرکٹ ہیلتھ کمیٹی (DHC) کا اہم اجلاس ڈپٹی کمشنر برکت علی بلوچ کی زیرِ صدارت ڈپٹی کمشنر آفس تمپ میں منعقد ہوا،۔جس میں ضلع بھر میں صحت عامہ کی سہولیات، سرکاری ہسپتالوں اور بنیادی مراکزِ صحت کی کارکردگی، طبی عملے کی دستیابی، ادویات کی فراہمی اور شعبہ صحت سے متعلق مختلف اہم امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنر تمپ شے حق حیات,ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر تمپ ڈاکٹر نوروز, پی پی ایچ آئی کے ڈی ایم حاجی خان, متعلقہ اداروں کے نمائندگان اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران ضلع تمپ کے سرکاری ہسپتالوں، بنیادی مراکزِ صحت (BHU)، دیہی مراکزِ صحت (RHC) اور دیگر طبی مراکز میں عوام کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی، طبی عملے کی حاضری، ضروری ادویات کی دستیابی، حفاظتی ٹیکہ جات، زچہ و بچہ کی صحت، ہنگامی طبی خدمات اور جاری صحت پروگراموں کی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر تمپ برکت علی بلوچ نے کہا کہ عوام کو معیاری اور بروقت طبی سہولیات کی فراہمی ضلعی انتظامیہ کی اولین ذمہ داری ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تمام طبی مراکز میں ڈاکٹرز، پیرا میڈیکل اسٹاف اور دیگر عملہ اپنی ذمہ داریاں پوری دیانتداری اور احساسِ ذمہ داری کے ساتھ انجام دے، جبکہ مریضوں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ڈپٹی کمشنر تمپ نے کہا کہ نو قائم شدہ ضلع تمپ میں صحت کے شعبے کو جدید خطوط پر استوار کرنے، طبی سہولیات کو مزید مو¿ثر بنانے، بنیادی مراکزِ صحت کو فعال کرنے اور عوام کو بہتر علاج معالجے کی سہولت فراہم کرنے کے لیے ضلعی انتظامیہ تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے گی۔اجلاس کے اختتام پر صحت عامہ کے نظام کو مزید مضبوط، مو¿ثر اور عوام دوست بنانے، اداروں کے درمیان بہتر ہم آہنگی پیدا کرنے اور طبی خدمات کے معیار کو بلند کرنے کے حوالے سے متعدد اہم فیصلے کیے گئے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں