شہدائے لورالائی پولیس کی یاد میں پروقار تعزیتی سیمینار کا انعقاد

لورالائی(خ ن) پولیس کی جانب سے اللہ نواز شہید پولیس لائن لورالائی میں شہدائے زیارت مانگی ڈیم، جہانداد شبوزئی، حوالدار سیف اللہ شہید اور شہدائے لورالائی پولیس کی یاد میں ایک پروقار تعزیتی سیمنار کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی ڈپٹی کمشنر لورالائی کیپٹن (ر) محمد حسیب شجاع اور ایس ایس پی لورالائی ڈاکٹر فہد احمد تھےتعزیتی سیمنار میں زونل کمانڈر بی سی لورالائی زون جہانگیرشاہ ،ضلعی انتظامیہ کے افسران، لورالائی پولیس کے افسران و اہلکاروں، شہداء کے اہل خانہ، عمائدین، علماءکرام اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔ اس موقع پر مقررین نے اپنے خطابات میں شہدائے زیارت مانگی ڈیم اور شہدائے لورالائی پولیس کی عظیم قربانیوں کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ وطن کے امن و امان اور عوام کے تحفظ کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء پوری قوم کا فخر ہیں۔ ان کی لازوال قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی اور قوم ان کے احسانات کبھی فراموش نہیں کرے گی۔مقررین نے کہا کہ وطن کا دفاع ہم سب پر فرض ہے اور فرض کی ادائیگی میں شہادت ایک عظیم مرتبہ ہے۔ انہوں نے شہداء کے اہل خانہ کو یقین دلایا کہ وہ خود کو ہرگز تنہا نہ سمجھیں، پوری قوم اور لورالائی پولیس ان کے ساتھ کھڑی ہے اور شہداء کی قربانیوں کو ہمیشہ عزت و احترام کے ساتھ یاد رکھا جائے گا۔تقریب کے اختتام پر شہداء کے ایصالِ ثواب کے لیے قرآن خوانی اور خصوصی دعا کی گئی، جبکہ شرکاء میں لنگر بھی تقسیم کیا گیا۔ اس موقع پر اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ شہداء کے مشن کو ہر صورت آگے بڑھایا جائے گا اور امن و امان کے قیام کے لیے ان کی قربانیوں کو مشعلِ راہ بنایا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں