کوئٹہ(خ ن) مشیر وزیر اعلیٰ بلوچستان برائے ترقی نسواں ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے بینظیر بھٹو ایمرجنسی رسپانس ٹراما سینٹر کوئٹہ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے مختلف وارڈز کا معائنہ کیا اور مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا جائزہ لیا اس موقع پر ٹراما سینٹر کے منیجنگ ڈائریکٹر ڈاکٹر کامران خان کاسی اور ایڈیشنل ڈائریکٹر ڈاکٹر عبدالحفیظ سیال نے ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی کو سینٹر کی کارکردگی، جدید طبی سہولیات اور ڈیجیٹل نظام کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی بریفنگ میں بتایا گیا کہ بینظیر بھٹو ایمرجنسی رسپانس ٹراما سینٹر مکمل طور پر پیپر لیس نظام پر کام کر رہا ہے، جہاں تمام انتظامی اور طبی امور ڈیجیٹلائزڈ ہیں۔ مریضوں کا مکمل ریکارڈ مرکزی ڈیجیٹل سسٹم میں محفوظ کیا جاتا ہے، جس کے باعث علاج معالجے، ریکارڈ کی دستیابی اور خدمات کی فراہمی میں شفافیت اور تیزی کو یقینی بنایا گیا ہے ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے جدید طبی سہولیات، ڈیجیٹل نظام اور مریضوں کو فراہم کی جانے والی خدمات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں صحت کے شعبے میں جدید ٹیکنالوجی کا فروغ خوش آئند ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپر لیس اور ڈیجیٹل نظام نہ صرف انتظامی امور کو مو¿ثر بناتا ہے بلکہ مریضوں کو بروقت اور معیاری طبی سہولیات کی فراہمی میں بھی اہم کردار ادا کرتا ہے انہوں نے ٹراما سینٹر کی انتظامیہ اور طبی عملے کی خدمات کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ صوبے کے دیگر سرکاری طبی اداروں میں بھی جدید اور ڈیجیٹل نظام کے فروغ کے لیے اسی طرز پر اقدامات کیے جائیں گے تاکہ عوام کو مزید بہتر طبی سہولیات میسر آ سکیں۔
صحت کے شعبے میں جدید ٹیکنالوجی کا فروغ خوش آئند ہے، ڈاکٹر ربابہ بلیدی
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل