جھل مگسی( نامہ نگار) نادرا آفس گنداواہ کے انچارج یاسر اقبال زہری سے صحافیوں کے ایک وفد نے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ وفد میں ریاض احمد ساسولی، محمد قاسم سیال، منیر احمد رڈ اور ظفر مظفری شامل تھے۔اس موقع پر یاسر اقبال زہری نے صحافیوں کو نادرا آفس کی نئی عمارت اور فراہم کی جانے والی سہولیات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ سال 2022 کے تباہ کن سیلاب کے باعث گنداواہ کا نادرا آفس شدید متاثر ہوا تھا، جس کے بعد طویل عرصے تک دفتر عارضی کنٹینر میں کام کرتا رہا۔ محدود جگہ ہونے کی وجہ سے روزانہ آنے والے شہریوں کو شدید مشکلات اور پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا تھا۔انہوں نے مزید بتایا کہ ڈپٹی کمشنر جھل مگسی سید رحمت اللہ شاہ کی خصوصی کاوشوں سے اب نادرا آفس کو ایک بڑی اور کشادہ عمارت میں منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں شہریوں کو پہلے کے مقابلے میں بہتر اور سہل ماحول میں خدمات فراہم کی جا رہی ہیں۔صحافیوں کے وفد نے نئی عمارت کے قیام اور عوام کو بہتر سہولیات کی فراہمی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے نادرا آفس کے انچارج یاسر اقبال زہری کی خدمات اور کوششوں کو سراہا۔ وفد کا کہنا تھا کہ یاسر اقبال زہری ایک تجربہ کار، فرض شناس اور عوام دوست افسر ہیں، جو شہریوں کو بہترین سہولیات کی فراہمی کے لیے بھرپور انداز میں اپنی ذمہ داریاں انجام دے رہے ہیں۔
گنداواہ، نادرا آفس کے انچارج سے صحافیوں کے وفد کی ملاقات
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل