اسلام آباد:پاکستان نے بھارتی ریاست اتر پردیش کے شہر سہارنپور میں صدیوں پرانی مسجد کو مسمار کرنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ تاریخی اسلامی عبادت گاہ کی تباہی بھارت میں وسیع تر اسلاموفوبک اور ہندوتوا پر مبنی مہم کا ایک اور مظہر ہے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ مسلمانوں کے منظم ظلم و ستم، عبادت گاہوں کی مسلسل بے حرمتی و تباہی اور مذہبی آزادیوں کی خلاف ورزی کا نوٹس لے اور ذمہ دار عناصر کا احتساب یقینی بنایا جائے۔پاکستان نے یہ بھی مطالبہ کیا ہے اقوام متحدہ سمیت انسانی حقوق اور انسانی ہمدردی کے ادارے یاسین ملک کی صورتحال، صحت اور مقبوضہ جموں و کشمیر میں بنیادی حقوق کی منظم محرومی کا نوٹس لیں اور ترجمان دفترخارجہ نے کہا ہے کہ مکہ جوائنٹ دفاعی معاہدہ سے متعلق آئندہ اجلاسوں کے بارے میں معلومات تسلسل کے ساتھ شیئر کی جائیں گی، تاہم معاہدے میں ابھی توسیع کا بھی کوئی امکان نہیں ۔جمعرات کو دفترخارجہ میں ہفتہ وار پریس بریفنگ میں ترجمان سجاد حیدر نے کہاکہ کشمیر عالمی سطح پر اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق متنازع علاقہ ہے، پاکستان کے وزرائے اعظم اور صدور دنیا بھر کی اہم شخصیات سے ملاقاتوں میں مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرتے رہے ہیں اور اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے رواں اجلاس میں بھی یہ معاملہ مو¿ثر انداز میں اٹھایا جائے گا۔ مکہ جوائنٹ دفاعی معاہدہ سے متعلق آئندہ اجلاسوں کے بارے میں معلومات تسلسل کے ساتھ شیئر کی جائیں گی، تاہم اجلاسوں کی درست تاریخ اور ماہ سے متعلق فی الحال علم نہیں۔ معاہدے میں ابھی توسیع کا بھی کوئی امکان نہیں ۔ پاکستان 14ویں ساوتھ ایشین گیمز کی 4 سے 11 اپریل تک میزبانی کرے گا ۔ کھیلوں کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال نہیں کیا جانا چاہیے۔ ہفتہ وار بریفنگ میں ترجمان دفتر خارجہ سجاد حیدر نے بتایا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کا 2 ستمبر کو کرغزستان کا دورہ دونوں ممالک کے مضبوط اور بڑھتے ہوئے تعلقات کا عکاس ہے، پاکستان اور کرغزستان نے دوطرفہ اقتصادی و اسٹریٹجک تعاون مزید مستحکم کرنے، دفاعی و سکیورٹی روابط گہرے کرنے اور توانائی، زراعت، ادویہ سازی، سیاحت اور ڈیجیٹل معیشت میں مشترکہ منصوبوں کو آگے بڑھانے پر اتفاق کیا ہے کہ وزیراعظم کے دورہ کرغزستان کے دوران پاکستان اور کرغزستان کے درمیان 17 دوطرفہ مفاہمتی یادداشتوں اور معاہدوں پر دستخط کیے گئے۔ دونوں ممالک نے CASA-1000 منصوبے کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے ٹرانزٹ تجارت اور پاکستان کی بندرگاہوں کے ذریعے علاقائی رابطوں کو مزید فروغ دینے پر بھی اتفاق کیا۔ ترجمان نے بتایا دونوں ملکوں نے کاروباری سطح پر روابط مضبوط بنانے اور کثیرالجہتی فورمز پر باہمی رابطہ مزید بڑھانے پر بھی اتفاق کیا۔ وزیر خارجہ اسحاق ڈار کے عالمی رہنماو¿ں سے اہم را بطوں پر بات کرتے ہوے ترجمان نے کہا کہ نائب وزیراعظم گزشتہ ہفتے بھی اپنے بین الاقوامی ہم منصبوں سے ٹیلیفونک رابطوں میں فعال رہے۔ 3 ستمبر کو اسحاق ڈار نے او آئی سی کے نو منتخب سیکریٹری جنرل سے ٹیلیفونک گفتگو کی، جس میں انہوں نے او آئی سی کے لیے پاکستان کے مضبوط عزم اور مسلم امہ کے مفادات کے فروغ کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے فلسطین اور جموں و کشمیر کے معاملات پر مسلم امہ کے مفادات کے فروغ پر خصوصی زور دیا، جبکہ او آئی سی کے نو منتخب سیکریٹری جنرل نے پاکستان کی حمایت اور کردار کو سراہا۔ 4 ستمبر کو اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے امیدوار سفیر لانا نتونا نے یوگنڈا کے صدر کے خصوصی نمائندے کے ہمراہ نائب وزیراعظم سے ملاقات کی۔ ملاقات میں عالمی صورتحال اور کثیرالجہتی نظام کو درپیش چیلنجز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اسحاق ڈار نے کثیرالجہتی نظام کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے عصری چیلنجز سے نمٹنے میں اقوام متحدہ کے کردار کو مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ 6 ستمبر کو نائب وزیراعظم نے سعودی عرب اور ترکیہ کے وزرائے خارجہ سے بھی ٹیلیفونک رابطہ کیا۔ گفتگو میں دوطرفہ تعلقات، علاقائی اور عالمی صورتحال کے علاوہ مکہ جوائنٹ ڈیفنس ایگریمنٹ کی اسٹریٹجک، سیاسی اور دفاعی کمیٹی کے تحت طے پانے والی مفاہمت پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ ترجمان نے بتایا کہ اسحاق ڈار نے مصر کے وزیر خارجہ سے بھی ٹیلیفونک رابطہ کیا، جس میں دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط بنانے سے متعلق امور پر بات چیت ہوئی۔ دونوں وزرائے خارجہ نے نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے موقع پر ملاقات پر اتفاق کیا۔ نائب وزیراعظم نے ناروے کے وزیر خارجہ سے بھی رابطہ کیا اور شاہ ہیرالڈ پنجم کے انتقال پر دلی تعزیت کا اظہار کیا۔ سعودی عرب پر حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوے ترجمان نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کے ابہا، خمیس مشیط، جازان اور نجران میں ہونے والے حملوں کی شدید مذمت کرتا ہے۔ پاکستان سعودی عرب کی خودمختاری، علاقائی سالمیت، سلامتی اور خوشحالی کے لیے غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کرتا ہے اور سعودی حکومت و عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے
پاکستان کی بھارتی شہر سہارنپور میں صدیوں پرانی مسجد کو مسمار کرنے کی شدید مذمت
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل