سیوی(خ ن) ڈپٹی کمشنر سیوی میجر (ر) الیاس کبزئی کی زیرِ صدارت جشنِ آزادی پاکستان کی تقریبات اور انتظامات کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ایس ایس پی سیوی عبدالحمید، چئیرمین ایم سی سردار محد خان خجک، اسسٹنٹ کمشنر سیوی منصور علی شاہ، اسسٹنٹ کمشنر بختیار آباد میر بہادر خان بنگلزئی، ڈسٹرکٹ اکاو¿نٹس آفیسر میر گہرام لاشاری، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر عبدالستار لانگو سمیت دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں 14 اگست یومِ آزادی کی تقریبات، سیکیورٹی، تعلیمی اداروں میں پروگرامز اور دیگر انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ جشنِ آزادی کو ضلع بھر میں قومی جوش و جذبے اور شایانِ شان انداز میں منایا جائے گا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ 14 اگست کو صبح 8 بجے مرکزی پرچم کشائی کی تقریب منعقد ہوگی، جس میں سرکاری افسران، طلبہ و طالبات اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد شرکت کریں گے۔ اس موقع پر اسکولوں اور کالجوں کے طلبہ و طالبات ملی نغموں، تقاریر، ٹیبلو اور دیگر ملی و ثقافتی پروگرامز پیش کریں گے۔ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر عبدالستار لانگو نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ضلع بھر کے تمام تعلیمی اداروں میں 13 اگست کو جشنِ آزادی کے حوالے سے خصوصی تقریبات منعقد کی جائیں گی، جبکہ 14 اگست کومرکزی تقریب میں طلبہ و طالبات بھرپور شرکت کریں گے۔ انہوں نے بتایا کہ ملی نغموں، ٹیبلو، تقاریر اور دیگر پروگرامز کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔اجلاس میں جشنِ آزادی کے موقع پر جیل اور ہسپتال کے خصوصی دورے بھی کیے جائیں گے۔ ڈپٹی کمشنر سیوی میجر (ر) الیاس کبزئی نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ تمام انتظامات بروقت مکمل کیے جائیں اور جشنِ آزادی کی تقریبات کے دوران عوام کی سہولت، نظم و ضبط اور سیکیورٹی کو یقینی بنایا جائے۔ سیکیورٹی اداروں کی جانب سے تقریبات کے لیے خصوصی حفاظتی انتظامات بھی کیے جائیں گے۔ اجلاس میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ پاکستان کا 79واں یومِ آزادی ضلع بھر میں ملی جوش و جذبے، قومی یکجہتی اور حب الوطنی کے جذبے کے ساتھ منایا جائے گا۔
عوام کی سہولت، نظم و ضبط اور سیکیورٹی کو یقینی بنایا جائے، الیاس کبزئی
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل