گوادر(خ ن)ڈپٹی کمشنر گوادر نقیب اللہ کاکڑ نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت نوجوان نسل کو جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے اور طلبہ و طالبات کو تعلیم کے ساتھ عملی، طبی اور فنی مہارتوں سے آراستہ کرنے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے محکمہ تعلیم گوادر اور ایجوکیشن سپورٹ پروگرام (ESP) کے زیر اہتمام ڈپٹی کمشنر گوادر کے کانفرنس ہال میں اسکل ایجوکیشن ہیلتھ کیئر پروگرام کے پہلے مرحلے کی تکمیل کے حوالے سے منعقدہ اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ھے انہوں نے کہا کہ اسکول کی سطح پر طالبات کو بنیادی طبی مہارتوں سے آراستہ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ نصابی تعلیم کے ساتھ ایسی عملی تربیت نوجوانوں میں خود اعتمادی، ذمہ داری اور ہنگامی طبی حالات میں مو¿ثر کردار ادا کرنے کی صلاحیت پیدا کرتی ہے اس پروگرام میں طالبات کو آٹھ ماہ پر مشتمل جامع تربیتی کورس کرایا گیا ہے جس میں ابتدائی طبی امداد (First Aid)، ایمرجنسی رسپانس، صحت و حفاظت، مریض کی بنیادی نگہداشت اور دیگر ضروری طبی مہارتیں شامل ہیں۔ تقریب میں بتایا گیا ھےکہ آٹھ ماہ کی تربیت مکمل ہونے کے بعد امتحان بولان یونیورسٹی آف میڈیکل اینڈ ہیلتھ سائنسز، کوئٹہ کے زیر اہتمام لیا جائے گا کامیاب طالبات کو باقاعدہ سرٹیفکیٹس جاری کیے جائیں گے، جو ان کی تعلیمی اور عملی صلاحیتوں کے فروغ میں معاون ثابت ہوں گے اس پروگرام کے پہلے مرحلے میں 120 طالبات کامیابی سے تربیت مکمل کر چکی ہیں جبکہ دوسرے مرحلے میں نئے طالبات کی تربیت کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ یہ اقدام صوبائی حکومت کے اس عزم کا عملی اظہار ہے کہ نوجوان نسل کو جدید تقاضوں کے مطابق تعلیم، ہنر اور بنیادی صحت کی مہارتوں سے آراستہ کیا جائے۔تقریب میں ضلعی آفیسر تعلیم ذاہدحسین، ایجوکیشن سپورٹ پروگرام کے منیجر عادل نودزئی ہیڈمسٹریس بلقیس سلیمان نے بھی خطاب کیا مقررین نے پروگرام کو طالبات کی صلاحیتوں میں اضافے، صحت و حفاظت سے متعلق شعور اجاگر کرنے اور انہیں معاشرے کی مو¿ثر خدمت کے قابل بنانے کی جانب اہم قدم قرار دیا تقریب کے آخر میں ڈپٹی کمشنر نے کورس مکمل کرنے والے طالبات میں سرٹیفکیٹ تقسیم کیے۔
طالبات کو بنیادی طبی مہارتوں سے آراستہ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے،نقیب اللہ کاکڑ
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل