ڈام، پہلا آل حب لسبیلہ بیادِ مرحوم ڈاکٹر احمد خان رونجہ میموریل کرکٹ ٹورنامنٹ

ڈام سونمیانی(زبیر بلوچ)ڈام، پہلا آل حب لسبیلہ بیادِ مرحوم ڈاکٹر احمد خان رونجہ میموریل کرکٹ ٹورنامنٹ 2026 کا فائنل میچ نمانی اسپورٹس بیلہ نے نیو لگان کرکٹ کلب ڈام کو 35 رنز سے شکست دے کر ٹورنامنٹ کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق ساحلی علاقے ڈام میں منعقدہ پہلا آل حب لسبیلہ بیادِ مرحوم ڈاکٹر احمد خان رونجہ میموریل کرکٹ ٹورنامنٹ 2026 کا شاندار اور سنسنی خیز فائنل میچ گورنمنٹ بوائز ہائی اسکول ڈام کے اسپورٹس گراو¿نڈ میں نمانی اسپورٹس بیلہ اور نیو لگان کرکٹ کلب ڈام کے درمیان کھیلا گیا۔ نمانی اسپورٹس بیلہ نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے نیو لگان کرکٹ کلب ڈام کو 35 رنز سے شکست دے کر ٹورنامنٹ کا ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔ فائنل میچ دیکھنے کے لیے شائقینِ کرکٹ کی ایک بڑی تعداد اسپورٹس گراو¿نڈ میں موجود تھی جبکہ چوکے اور چھکوں پر تماشائیوں نے بھرپور جوش و خروش کا مظاہرہ کیا۔ نمانی اسپورٹس بیلہ نے پہلے بیٹنگ کرتے دس ہوئے مقررہ 10 اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر 175 رنز کا پہاڑ کھڑا کردیا۔ نمانی اسپورٹس بیلہ کے جارح مزاج بلے باز شاہد ہوت نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 32 گیندوں پر 96 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی جس میں 13 بلند و بالا چھکے شامل تھے جبکہ منیر نے 25 گیندوں پر 35 اور عبید الرحمان نے 9 گیندوں پر 21 رنز بنائے۔ 176 رنز کے ہدف کے تعاقب میں نیو لگان کرکٹ کلب ڈام کی ٹیم مقررہ 10 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 140 رنز بنا سکی۔ نیو لگان کلب کی جانب سے عمران نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 17 گیندوں پر 55 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ عتیق نے 17 گیندوں پر 41 رنز بنائے تاہم دونوں کھلاڑیوں کی شاندار اننگز اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار نہ کرسکیں۔ نمانی اسپورٹس بیلہ کی جانب سے عبید الرحمان نے 2 جبکہ شاہد ہوت نے بھی 2 وکٹیں حاصل کیں۔ فائنل میچ کے مہمانِ خصوصی سندھ بلوچستان کی معروف قبائلی و کاروباری شخصیت ڈائریکٹر ایف ایس سی کراچی حاجی پرویز احمد دودا تھے جن کا اسپورٹس گراو¿نڈ پہنچنے پر منتظمین اور شائقین کی جانب سے گلاب کی پتیاں نچھاور کرکے پرتپاک اور شاندار استقبال کیا گیا۔ اس موقع پر مہمانِ خصوصی حاجی پرویز احمد دودا کو فائنل میں شریک دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں سے باقاعدہ تعارف بھی کرایا گیا۔ اس موقع پر آنے والے معزز مہمانوں کاروباری شخصیت حاجی کریم بخش الیاسانی ، سیٹھ راشد اسماعیل برہ ، مہراللّٰہ نمانی ، پرسنل سیکرٹری زینل العابدین میر زرین خان مگسی ، وڈیرہ علی خاصخیلی ، سرپرست اعلیٰ ٹورنامنٹ کمیٹی عبدالشکور رونجہ ، ملک سراج احمد و دیگر کو بلوچی ثقافت کی روایتی اجرکیں پہنائی گئیں۔ فائنل تقریب اور اسناد و انعامات کی تقسیم کے موقع پر مولانا شجاعت نعیمی نے تلاوتِ قرآنِ پاک کی سعادت حاصل کی جبکہ مرحوم ڈاکٹر احمد خان رونجہ کے ایصالِ ثواب کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔ اختتامی تقریب میں کامیاب کھلاڑیوں اور ٹیموں کی بھرپور حوصلہ افزائی کی گئی جبکہ نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں میں ٹرافیاں انعامات اور نقد رقوم تقسیم کی گئیں۔ اسپورٹس کمیٹی کی جانب سے ونر ٹیم کے لیے 50 ہزار روپے جبکہ رنر اپ ٹیم کے لیے 30 ہزار روپے انعام کا اعلان کیا گیا۔ کھلاڑیوں میں فائنل میچ کے مین آف دی میچ شاہد ہوت نمانی اسپورٹس بیلہ ، مین آف دی ٹورنامنٹ منا کے پی بیلہ ، بیسٹ بیٹسمین شاہد ہوت ، بیسٹ باو¿لر مہر علی نمانی اسپورٹس اور ایمرجنگ پلیئر رضوان شہید نور بخش کرکٹ کلب وندر شامل رہے۔ منتظمین کی جانب سے کھلاڑیوں اور شائقین کے لیے مختلف انعامات کا بھی اعلان کیا گیا۔ اس موقع پر مہمانِ خصوصی حاجی پرویز احمد دودا نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کھیل نوجوان نسل کی صلاحیتوں کو مثبت سمت دینے کا بہترین ذریعہ ہیں۔ نوجوانوں کو چاہیے کہ وہ کھیلوں سے پیار اور منشیات سے انکار کو اپنا شعار بنائیں کھیل ہی جسمانی صحت کو بہتر اور انسان کو تندرست و توانا رکھنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ کھیلوں کے ایونٹس نوجوانوں میں نظم و ضبط برداشت بھائی چارے ٹیم ورک اور مثبت سوچ بھی پیدا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کھیلوں کے میدان آباد ہوں گے تو معاشرہ منفی سرگرمیوں سے محفوظ رہے گا اور نوجوان نسل منشیات سمیت دیگر سماجی برائیوں سے دور رہے گی۔ ایسے کھیلوں کے مقابلوں سے نوجوانوں میں خود اعتمادی مقابلے کا جذبہ اور اپنی صلاحیتوں کو منوانے کا حوصلہ پیدا ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ علاقے میں کھیلوں کے فروغ کے لیے مزید ایسے ٹورنامنٹس کا انعقاد وقت کی اہم ضرورت ہے۔ حاجی پرویز احمد دودا نے ٹورنامنٹ کے کامیاب انعقاد پر منتظمین کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے تمام کھلاڑیوں کی شاندار کارکردگی کو سراہا۔ اس دوران گراو¿نڈ میں کھیلوں کے شائقین کا جوش و خروش دیدنی تھا اور پورا گراو¿نڈ تماشائیوں سے کھچا کھچ بھرا رہا جبکہ فائنل میچ کے اختتام پر فاتح ٹیم نمانی اسپورٹس بیلہ کے کھلاڑیوں نے ٹرافی اٹھا کر جشن منایا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں