تعمیراتی معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، صلاح الدین نورزئی

نصیرآباد(خ ن)کمشنر نصیرآباد ڈویژن صلاح الدین نورزئی کی زیر صدارت انٹیگریٹڈ ڈیویلپمنٹ پیکیج برائے ڈیرہ مراد جمالی(مربوط ترقیاتی پیکج) کےپیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے اجلاس منعقد ہوا، جس میں ایس ایس پی نصیرآباد اسد ناصر، محکمہ مواصلات و تعمیرات کے سب ڈویژنل افسران عابد علی پہنور، سجاد علی عمرانی سمیت دیگر متعلقہ افیسران شریک ہوئے۔ اجلاس میں پروجیکٹ کوآرڈینیٹر صالح شاہ نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ انٹیگریٹڈ ڈیویلپمنٹ پیکیج برائے ڈیرہ مراد جمالی کے تحت شرقی سائیڈ پر 22 کلومیٹر بلیک ٹاپ سڑکیں، 26 کلومیٹر نئی واٹر سپلائی لائنیں مختلف قطر کی پائپ لائنوں سمیت، ایک پمپنگ اسٹیشن، دو واٹر ٹینک، دو اسٹوریج ٹینک، 30 ہزار گیلن گنجائش کا اوور ہیڈ ٹینک اور 23 کلومیٹر سے زائد جدید سیوریج سسٹم تعمیر کیا جا رہا ہے، جبکہ سات سولرائزڈ پمپنگ اسٹیشن بھی منصوبے کا حصہ ہیں۔ اجلاس میں منصوبے کو درپیش مسائل سے بھی آگاہ کیا گیا۔ اس موقع پر کمشنر صلاح الدین نورزئی نے کہا کہ ڈیرہ مراد جمالی شرقی سائیڈ پر تقریباً 2 ارب 50 کروڑ روپے کی لاگت سے جاری پروجیکٹ عوام کی زندگی میں مثبت تبدیلی لائے گا، اس لیے تعمیراتی معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ بالخصوص پینے کے صاف پانی، سیوریج نظام اور نالوں کی گریڈنگ پر خصوصی توجہ دی جائے، منصوبے کی مسلسل نگرانی یقینی بنائی جائے اور مستقبل کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے تمام ترقیاتی کام بروقت اور معیاری انداز میں مکمل کیے جائیں تاکہ عوام کی توقعات پر پورا اترا جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں